(24 نیوز)ٹوئٹر نے آیت اللہ خامنہ ای کا وہ ٹوئٹر اکائونٹ معطل کردیا ہے جس سے مبینہ دھمکی آمیز ٹوئٹ کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق حال ہی میں سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ’دھمکی آمیز‘ ٹوئٹ کرنے پر ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کا ٹوئٹر اکائونٹ معطل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ٹوئٹر نے آیت اللہ خامنہ ای کا وہ ٹوئٹر اکائونٹ معطل کردیا ہے جس سے مبینہ دھمکی آمیز ٹوئٹ کی گئی تھی اور کہا ہے کہ اس ٹوئٹ سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال کے قواعد و ضوابط مجروح ہوئے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے ایک ٹوئٹر اکائونٹ @khamenei_site سے گالف کھیلتے ہوئے ایک شخص کی فضا سے لی گئی تصویر پوسٹ کی تھی جسے دیکھنے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا گمان ہوتا ہے کیوں کہ ٹرمپ بھی اکثر گالف کھیلتے نظر آتے ہیں۔اس تصویر میں گالف کھیلنے والے شخص پر ایک دیوہیکل سایہ نظر آرہا ہے جو غالباً کسی جنگی جہاز یا ڈرون کا ہے۔
اس تصویر کے ساتھ آیت اللہ خامنہ ای نے لکھا ہے کہ ’انتقام لینا اٹل ہے‘۔خامنہ ای نے گزشتہ برس امریکی حملے میں ہلاک ہونے والے ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ ڈونلڈ ٹرمپ سے لینے کا بھی عزم دہرایا۔
اس ٹوئٹ پر ٹوئٹر نے خامنہ ای کا مذکورہ اکائونٹ تو معطل کردیا ہے تاہم ان کا آفیشل اکائونٹ اور دیگر زبانوں میں موجود اکائونٹس بدستور کام کررہے ہیں۔