سید محسن رضا نقوی نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

Jan 22, 2023 | 21:24:PM

(24 نیوز)سید محسن رضا نقوی نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاﺅس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی تقریب حلف برداری ہوئی ، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے سید محسن رضا نقوی سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف لیا،تقریب حلف برداری میں سید محسن رضا نقوی کے اہلخانہ، عزیزواقارب ، دوستوں سمیت سابق گورنر پنجاب چودھری سرور ،سینئر صحافی سلمان غنی ،سابق سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، سینئر خالد قیوم اور دیگر شریک ہوئے۔

قبل ازیں نگران وزیر اعلیٰ کی تعیناتی کیلئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر سرپرستی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران الیکشن کمیشن شامل ہوئے۔ اہم اجلاس میں ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھر وانا، ممبر کے پی جسٹس (ر )اکرام اللہ، ممبر سندھ نثار درانی، ممبر بلوچستان شاہ محمد جتوئی الیکشن شامل ہوئے ، سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال، ڈی جی لاءاور سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
2 گھنٹے کی طویل مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سید محسن رضانقوی کا نام نگران وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے منتخب کیا۔

یاد  رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعیناتی کیلئے حکومت اوراپوزیشن کے دمیان اتفاق نہ ہونے پر گورنر پنجاب نے معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا ، اپوزیشن کی جانب سے احد چیمہ اور سید محسن رضا نقوی کا نام تجویز کیا گیا تھا ، جبکہ حکومت کی جانب سے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کا نام تجویز کیا گیا۔ اجلاس میں چاروں افراد کی گزشتہ روز تیار ہونے والی پروفائل ، سروس کئیر اور مکمل تفصیلات باری باری پیش کی گئیں ، جس کے بعد تمام معزز شرکا نے سید محسن رضا نقوی  نام فائنل کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کون ہیں ؟

مزیدخبریں