محسن سپیڈ کا ایک سال،کام بے مثال،سب ریکارڈز توڑ دیئے

Jan 22, 2024 | 16:10:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے)پنجاب کی نگران حکومت کو ایک سال مکمل ،وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی سربراہی میں 365 دنوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل ہوگئے۔محسن نقوی نے 22 جنوری 2023 کو جب بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حلف اٹھایا،بغیر پروٹوکول دن رات کام کرتے نظر آئے۔بغیر تنخواہ کام کررہے ہیں بلکہ اپنا خرچ بھی خود اٹھا رہے ہیں ۔صحت،تعلیم،عوامی فلاح کے کام ،ترقیاتی منصوبے انتہائی تیز رفتار اور کفایت سے کروا کر تمام ریکارڈز توڑ دیے۔

 لاہور میں ٹریفک  کے مسائل حل کر نے کیلئے  بڑے بڑے  منصوبے دنوں میں مکمل کیے۔لاہور کے کلمہ چوک انڈر پاس،سمن آباد انڈر پاس،ڈیفنس انڈر پاس ، شاہدرہ فلائی اوور، اکبر چوک فلائی اووراور کرنل شیر خان شہید فلائی اوور بناکر لاہور شہر کی ٹریفک کو  مزید رواں دواں کیا۔لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ پراجیکٹ تکمیل کے قریب ہیں،نیازی چوک سے بابو صابو تک ایلی ویٹڈ پراجیکٹ کو ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی،میجر اسحاق شہید فلائی اوور منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،ڈاکٹر حسن مراد روڈ کی بحالی و تعمیر و مرمت کرائی ۔

 لاہور میں بار کونسل کی عمارت کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا، پرانے پولیس تھانوں کے کلچر کو اسٹیٹ آف دی آرٹ پولیس اسٹیشنوں میں منتقل کیا گیا،برسوں سے التوا کا شکار 4 اسپورٹس کمپلیکس منصوبوں کو تکمیل تک پہنچایا۔وزیر اعلیٰ نے لاہور چڑیا گھر اور سفاری پارک کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھا،چوبرجی سٹاف کالونی میں سرکاری ملازمین کی رہائش کیلئے ملٹی سٹوریز ٹاور کا سنگ بنیاد رکھا ، ایل ڈی اے سٹی کی الاٹمنٹ کے منتظر متاثرین کو فائلیں بھی  دلوائیں۔


صحت کے منصوبے بھی محسن نقوی کی ہٹ لسٹ پر رہے، ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کیلئے فوری انجیوگرافی کی سہولت دی۔شوگر کے مریضوں کیلئےا نسولین اور دیگر ضروری ادویات کی قلت ختم کرائی گئی ۔جناح ہسپتال کی نئی ایمرجنسی اور ٹراماسینٹر کیلئے ایک ارب 80 کروڑ کا فنڈ رکھا،جنرل، میوہسپتال کی او پی ڈی،ایمرجنسی او رچائلڈبلاکس کو ری ڈیزائن کرایا۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ کے نئےبورڈ آف گورنرز کی تشکیل نو کی۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل بلاک کا افتتاح کیا۔ریاض منصور ٹرسٹ ہسپتال کے سرجیکل ٹاورکے منصوبے کاسنگ بنیاد رکھا۔ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی ایڈہاک پر بھرتی کی منظوری دی،سٹیٹ آف دی آرٹ آ ٹزم سینٹر زیرتکمیل ہے،لاہور کے 5 ہسپتالوں کاہنہ نو، سبزہ زار، رائے ونڈ، مناواں، بیدیاں کوٹیچنگ ہسپتالوں سے منسلک کیا۔


محسن سپیڈ صرف سڑکوں ،ہسپتالوں تک محدود نہیں رہی  بلکہ یہ سنٹرل ماڈل سکول کو سٹیٹ آف دی آرٹ تعلیمی ادارہ بنایا، 2 ہزار ماہانہ سکالر شپ اور 250 روپے روزانہ کنوینس الاؤنس دینے کا اعلان کیا،پنجاب میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کی ٹیوشن فیس ختم کی،لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا،میٹروبس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین پر سفر کرنیوالے طلبہ کو مفت ریلیف دیا،محسن نقوی نے قوم کے مستقبل کو بچانے کا بیڑا اٹھایا، منشیات فروشوں کیخلاف تاریخی کریک ڈاؤن ہوا، نشے کی لت میں مبتلا افراد کی بحالی کیلئے سینٹر بنانے کا فیصلہ بھی سنایا،داتا دربار ہسپتال میں منشیات کے عادی افراد کے علاج مرکز بنا۔

نگران وزیراعلیٰ نے لاہور کے بعد راولپنڈی، فیصل آباد اور گوجرانوالہ کو محفوظ بنایا۔سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دی،پنجاب کی تاریخی عمارتوں کا انتظام لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے سپرد کیا،لاہور کے 12 قدیم دروازوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کا حکم دیا،بادشاہی مسجد کی تزئین وآرائش و بحالی کا پراجیکٹ کا حکم دیا ،علامہ اقبال سے منسوب تاریخی اشیاء کا میوزیم بنانے کا فیصلہ کیا۔مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار کی توسیع کا معاہدہ کیا، مزار بی بی پاکدامن کی توسیع کرائی،آن لائن ڈونیشن پورٹل، اندرون و بیرون ملک سے نذرانے،صدقات،لنگر کی سہولت فراہم کرنے کا حکم دیا،سکھ برادری کیلئے کرتار پور میں درشن ریزارٹ بنانے کا حکم دیا،نادارافراد کے لئے ماڈل قبرستانوں میں قبر کی کھدائی،سلیب او ردیگر سروسز کے پر10ہزار روپے کے عائد چارجز ختم کئے۔


محسن نقوی نے ٹریفک لائسنس کے اجراء کیلئے دن رات ایک کردیا،لاہور سمیت پنجاب میں ریکارڈ ایک کروڑ لائسنس بنے،چنگ چی رکشہ کو قانونی حیثیت دینے کے لئے موٹر وہیکلز قوانین بنائے،لاہور میں سموگ کے تدارک کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی بار مصنوعی بارش کاکامیاب تجربہ کیا،چینی ماہرین کی ٹیم لاہور آئی، پنجاب میں پہلی بار سرکاری ریکارڈ کے تحفظ کے لیے ڈیٹا سنٹر کی بجائے کلاؤڈ پالیسی بنائی،تجاوزات کے خاتمے کے لئے کریک ڈاؤن کا حکم دیا،ماحول کی بہتری کیلئےپلاسٹک سے بنی اشیاء کے استعمال پر پابندی لگائی، پنجاب میں ”اب گاؤں چمکیں گے“ پروگرام کا آغاز کیا،چوکیداری کا نظام رائج، پینے کے صاف پانی کی فراہمی،دیہات میں اورصفائی کا مربوط نظام تشکیل دیا۔


کفایت شعاری پالیسی کی منظوری  بھی وزیراعلیٰ کا تاریخی اقدام ہے،وزیر اعلیٰ نے کابینہ کا پہلا پیپر لیس اجلاس بلایا،خقوم کا لاکھوں روپیہ بچایا۔مشیروں کی فوج بھرتی نہیں کی۔ 53 ارب روپے کا خصوصی رمضان ریلیف پیکیج دیا۔ 10کروڑ افراد کو 10کلو آٹے کے 3تھیلے مفت دئیے ،فرینڈز آف الائیڈ ہسپتال قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں صحت مند مریضوں کا تعین کرکے گھر بھجوانے کا حکم دیا،بے سہارا بچوں کے سنٹرز اور کاشانہ کاانتظام لاہور انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا،خدمت کا سلسلہ پنجاب تک جاری نہ رکھا۔ترکیہ اورشام کے زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سامان کے15 ٹرک روانہ کیے،زلزلہ زدگان کی مدد کیلئے پنجاب حکومت نے ریسکیورز کو ترکیہ بھجوایا، دنیا کو پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں سے روشناس کرایا۔

ضرور پڑھیں:پاکستان نے آئی آیم ایف کو فاریکس ٹریڈنگ کے آن لائن پلیٹ فارم کا پلان دیدیا
محسن نقوی نے پولیس کے شہداء کو بھی یاد رکھا ۔شہداء کے خاندانوں کیلئے ایک ارب روپے کا فنڈ رکھا،بچوں کی محکمے میں بھرتی کو آسان بنایا، بیواؤں کیلئے مالی امداد2500سے بڑھا کر25ہزار روپے کر دی۔ایلیٹ پولیس فورس کیلئے الاؤنس 10 ہزار روپے کرنیکا اعلان کیا۔سرکاری ملازمین کے رہائش کے مسائل کے حل کے لئے نئے جی او آر تعمیرکرنے کی منظوری دی۔کسانوں کیلئے آسانیاں پیدا کیں۔ اپٹما فاؤنڈیشن کی مدد سے کاٹن کی کاشت بڑھانے اور ریسرچ کیلئے 100کروڑ روپے کے فنڈ کے قیام عمل میں لائے،محکمہ زراعت کے لئے ایک ارب کے فنڈز کی منظوری دی،پاسکو سے گندم خریدنے کے فیصلے کی منظوری دی، زرعی تحقیق، فوڈ سکیورٹی، فاریسٹ اور لائیوسٹاک ریسرچ میں مدد ملی۔پنجاب میں کپاس کی کم ازکم امدادی قیمت 8500روپے مقرر کی۔


وزیر اعلیٰ محسن نقوی  بے روز گار نوجوانوں  کیلئے سہارا بنے اور نو جوانوں کو کینیڈا روزگار کے لیے بھیجنے کا بیڑا اٹھایا۔سرمایہ کاروں بزنس فیسلی ٹیشن سنٹر کی صورت میں ریڈ کارپٹ دیا۔بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کی ای سروسز کاافتتاح کیا ، عظیم قوم کی عظیم بیٹی ارفع کریم سے منسوب ”ارفع ٹیچرچیٹ بوٹ“ بنائی ۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بلا سود 26ہزار الیکٹرک موٹر بائیکس دینے کا تاریخی اعلان کیا ۔پنجاب میں 10سال بعد22ہزارکلو میٹرنہروں کی بھل صفائی مہم کا کابینہ اور افسران کے ہمراہ کسی کے ساتھ باقاعدہ آغاز کیا اراضی منتقلی کا ای رجسٹریشن ماڈل سسٹم، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کے پہلے ای رجسٹریشن ماڈل سنٹر کا افتتاح کیا۔6 ہفتے کی ریکارڈ مدت میں پی آئی سی ایمرجنسی مکمل،نئی ایمرجنسی کو کھولا، 50 جس میں مزیدبیڈز کا اضافہ،اور اس افتتاح کیا۔

یہ بھی پڑھیں: 5جج مجھے نہ ہٹاتے تو مانسہرہ میں خوبصورت ایئرپورٹ اور میٹرو بس ہوتی،نوازشریف
سیلز ٹیکس آن سروسز ایکٹ 2012 میں ترامیم کی منظوری۔پنجاب میں آئی ٹی کے کاروبار، تعلیم، ٹریننگ پرتمام ٹیکس و ڈیوٹیز ختم کرنا بھی بلا شبہ ایک بڑا کارنامہ ہے۔پنجاب میں سکول،کالجز، یونیورسٹیز اور کلب لیول پر کھیلوں کے مقابلے کرانے کی منظوری دی۔شجرکاری مہم کاآغاز کرایا۔لاہوریوں کیلئے جشن بہاراں کی تقریبات سجائیں، حکومت کا ایک روپیہ نہیں لگنے دیا،وزیراعلیٰ نے بچھڑوں کو اپنے پیاروں سے ملانے پنجاب پولیس پبلک ایپ ”میرا پیارا“ کا آغاز کرایا،خدمت کی اسپیڈ ابھی رکی نہیں  بلکہ اس کی سپیڈ پہلے سے ڈبل ہوگئی ہے، اب تو دنیا بھر کے سفیر بھی محسن نقوی کے ہی گن گاتے نظر آتے ہیں۔


وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے صحافیوں سے کیا گیا وعدہ بھی پورا کردیا،پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار رپورٹرز، فوٹو گرافرز، کیمرہ مین اور نیوز روم کی صحافی برادری کی رہائش کے مسائل کے حل کیلئے روڈا کے اچھے فیز میں 200ایکڑ زمین مختص کی ہے۔رپورٹرز کے لئے 7مرلے کے 2300پلاٹس رکھے گئے ہیں ۔ فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین کے لئے 3مرلے کے 1000پلاٹس رکھے گئے ہیں۔ جبکہ نیوز روم کے صحافیوں کے لئے 15فیصد کوٹہ مقرر کیا گیاہے،صحافیوں کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 3300رہائشی پلاٹس دیےجائیں گے،صحافی 28جنوری تک اپلائی کر سکیں گے۔8فروری سے قبل قرعہ اندازی ہوگی۔

علی رامے

علی رامے سٹی نیوز نیٹ ورک سے وابستہ ایک سینئر تحقیقاتی رپورٹر ہیں۔ وہ 2013 سے اس گروپ سے وابستہ ہیں اور بنیادی طور پر پنجاب حکومت کے ماتحت محکموں میں تحقیقاتی اور دلچسپ  اسٹوریز کا احاطہ کرتے ہیں۔