عام انتخابات 2024ء کے بارے میں وہ سب کچھ جو آپ جاننا چاہتے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
پاکستان میں عام انتخابات اب سے بس چند دنوں کی دوری پر ہیں جو ملکی تاریخ میں بارہویں عام انتخابات ہوں گے۔
ان انتخابات کے حوالے سے چند اہم حقائق اور سوالات کا جواب اس رپورٹ میں دیا گیا ہے۔
ملک میں ووٹرز کی کل تعداد
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق 13 دسمبر 2023ء تک پاکستان میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 7 سو 60 افراد بطور ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
2023ء کی مردم شماری کے مطابق پاکستان کی کل آبادی اس وقت 24 کروڑ 14 لاکھ 99 ہزار 4 سو 31 نفوس پر مشتمل ہے، جس کا مطلب 11 کروڑ 28 لاکھ سے زائد لوگ ان عام انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائیٹ کے مطابق ان رجسٹرڈ ووٹرز میں مردوں کی تعداد 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 7 سو 4 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 ہے۔
بجٹ
ذرائع کے مطابق فروری میں ہونیوالے عام انتخابات کیلئے 48 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔
کتنے امیدوار الیکشن لڑیں گے؟
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 2024ء کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی حتمی فہرست بھی شائع کردی جس کے مطابق ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 17 ہزار 8 سو 16 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔
مجموعی طور پر سیاسی جماعتوں کے 6 ہزار 31 امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات لڑیں گے جبکہ 11 ہزار 7 سو 85 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 882 خواتین اور 4 خواجہ سرا الیکشن لڑیں گے۔
کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑے جائیں گے؟
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک بھر سے قومی اسمبلی کی 266 نشستیں جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی عام نشستوں کے 593 حلقے ہوں گے۔
سنہ 2018ء کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی کل نشستیں 272 تھیں جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی کل نشستیں 577 تھیں۔
خواتین کیلئے مخصوص ساٹھ اور اقلیتوں کی دس مخصوص نشستوں کو ملا کر اب قومی اسمبلی کی مجموعی 342 نشستیں کم ہو کر 336 رہ گئی ہیں۔
گذشتہ الیکشن کے مقابلے میں اس تبدیلی کی ایک اہم وجہ قبائلی علاقوں کا خیبرپختونخوا میں انضمام ہے۔
25 ویں آئینی ترمیم کے تحت فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کر دیا گیا اور پھر اس کی 12 نشستیں کم کر کے چھ کر دی گئیں اور وہ خیبر پختونخوا کے کوٹے میں شامل کر دی گئیں۔
یوں اس صوبے کا قومی اسمبلی کا کوٹہ 39 نشستوں سے بڑھ کر 45 تک پہنچ گیا مگر قومی اسمبلی کی مجموعی نشتیں 342 سے کم ہو کر 336 رہ گئیں۔
یعنی قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت حاصل کرنے اور وفاق میں حکومت بنانے کیلئے 169 سیٹیں درکار ہوں گی۔
نشستوں کی تقسیم (صوبوں کے حساب سے)
عام انتخابات 2024ء کیلئے نشستوں کی تقسیم پر نظر ڈالیں تو پتہ چلتا ہے کہ این اے 1 سے این اے 45 تک کی کل 45 نشستیں کے پی میں شامل ہیں جبکہ این اے 46 سے این اے 48 تک اسلام آباد، این اے 49 سے این اے 189 تک کی کل 141 نشستیں پنجاب میں، این اے 190 سے این اے 250 تک کی کل 61 نشستیں سندھ میں جبکہ این اے 251 سے این اے 266 تک کی کل 16 نشستیں بلوچستان میں شامل ہیں۔