نگران وزیراعظم کی ہائی رائز عمارتوں کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ہدایت

Jan 22, 2024 | 20:57:PM

(اویس کیانی) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ہائی رائز عمارتوں کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی ہدایت کردی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی ترقیاتی ادارے کے امور پر اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں اسلام آباد میں بائیسکل لینز منصوبے اور اسلام آباد ماسٹر پلان کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، نگران وزیراعظم نے کہا کہ بائیسکل لینز ماحول دوست منصوبہ ہے، ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، اسلام آباد ماسٹر پلان پر نظر ثانی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ اسلام آباد ماسٹر پلان کے جائزے کیلئے وفاقی کمیشن کی تشکیل جلد از جلد کی جائے، اسلام آباد میں نئے رہائشی منصوبوں کیلئے عمودی تعمیرات کو ترجیح دی جائے، ہائی رائز عمارات کی تعمیر کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے۔

یہ بھی پڑھیے: ایک سال میں ملکی برآمدات میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے، گوہر اعجاز

نگران وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ متعلقہ حکام اسلام آباد میں پانی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے مؤثر منصوبہ بندی بنائیں، اسلام آباد کے شہریوں کو پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے پارکنگ پلازے تعمیر کیے جائیں، انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو شہر میں ٹریفک کے دباؤ میں کمی کیلئے مؤثر حکمت عملی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔

نگران وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بائیسکل لینز منصوبے میں 374 کلومیٹر لینز اور 150 پارکنگ سٹیشنز کی تعمیر شامل ہے۔

مزیدخبریں