(ویب ڈیسک) پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود طبیعت خراب ہونے کے باوجود فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کراچی کے میدان میں اتر پڑے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تحت جاری پریزیڈنٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے آخری راؤنڈ میں قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود غنی گلاس کی نمائندگی کر رہے ہیں، انہوں نے یو بی ایل گراؤنڈ میں سٹیٹ بینک کے خلاف اہم میچ میں 2 چوکوں اور ایک بلند و بالا چھکے کی مدد سے 31 گیندوں پر 32 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، وہ کاشف بھٹی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین واپس پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں: نگران وزیراعظم کی منظوری، محسن نقوی کو ایک اور بڑی ذمہ داری مل گئی
گلے میں خراش اور بخار کے باوجود ٹیسٹ کپتان نے 39 منٹ تک کریز پر بلے بازی کی لیکن مخالف ٹیم کی دوسری اننگز میں شان مسعود فیلڈنگ کرنے کے لیے گراؤنڈ میں نہیں آئے، انہوں نے ڈریسنگ روم میں کچھ دیر آرام کیا اور بعد میں گراؤنڈ کا رخ کیا اور فیلڈنگ کی ذمہ داری نبھائی۔
واضح رہے کہ دورہ آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ پاکستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے شان مسعود نے وطن واپسی کے بعد یہ پہلا میچ تھا، میڈیا سے مختصر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گلے میں تکلیف کے باعث بخار کی وجہ سے بہتر محسوس نہیں کر رہا، تاہم اپنی ذمہ داری سمجھ کر کھیلنے کے لیے میدان میں اترا۔