(حسن علی) آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 8 فروری پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی)کی فتح کا دن ہوگا،اس دن چئیرمین پی پی پی بلاول بھٹو کی قیادت میں ترقی یافتہ اور روشن پاکستان کے حقیقی سفر کی شروعات ہو گی۔
آصفہ بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس لاہور میں پی پی پی کارکنان سے ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں عارفہ بھٹو، سحر کامران، فواد زیدی، شائستہ اسلم، ثبت حسن، نایاب جان، عائشہ نواز، موسی کھوکھر ،سکینہ حسن، عثمان اعوان، بشارت علی، سارہ رائے، میاں نعمان، عمار، رائے ارسلان، شیخ عمران، ماہم عامر، مارخ عامر، ڈاکٹر رضوان، ناصر قاضی، صحافی مائرہ ہاشمی،اسامہ فیاض، عائشہ، سدرہ، عائشہ فیاض، ایان اور خالد رفیق شامل ہیں۔
بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے ملاقات کے دوران کارکنان کو این اے 127 میں انتخابی مہم تیز کرنے کے ساتھ ساتھ اسے جوش و خروش سے جاری رکھنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا 10 نکاتی ایجنڈا پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جس کی حکومت ہوتی ہے وہ بورڈ میں اپنے بندے لیکر آتا ہے: جاوید میانداد
انہوں نے کارکنان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا 10 نکاتی ایجنڈا عام آدمی کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلا کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دے گا، پاکستان کے عوام نے شہر شہر ہونے والے جلسوں میں بھاری اکثریت میں مثالی شرکت کرکے پیغام دے دیا ہے کہ وہ ملک میں سیاسی استحکام اور خوشحالی کے خواہش مند ہیں۔
آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دینا دراصل ملک میں نفرت اور معاشرے کو تقسیم کرنے کی سیاست کو دفن کرنے کے مترادف ہوگا،مجھے یقین ہے کہ 8 فروری پاکستان پیپلزپارٹی کی جیت کا دن ہوگا، اس دن بلاول بھٹو کی قیادت میں ترقی یافتہ اور روشن پاکستان کا حقیقی سفر شروع ہوگا۔