(کومل اسلم)لاہورمیں موسم سرداور فضامیں خنکی برقرار ہے جبکہ آلودہ شہروں کی فہرست میں لاہورتیسرے نمبر پر آگیا ہے۔
لاہورمیں موسم سردہے اور درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سورج کا راج برقرار رہے گا اوربارش کا کوئی امکان موجود نہیں،کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:یوکرین مسئلہ، ٹرمپ نے چینی صدر سے مدد کی اپیل کر دی
لاہورمیں ائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 172 ریکارڈ کی گئی جس کے بعد لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگیا،یوایس قونصلیٹ 433, جوہر ٹاؤن 260, عسکری ٹین 230, اڈا پلاٹ 214 اورفیز 8 ڈی ایچ اے 212 اے کیو آئی کی مجموعی شرح ریکارڈ کی گئی ہے۔
ماہرین نے شہریوں کوہدایت کی ہے کہ دوران سفر ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اورماحول کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے شجر کاری کو فروغ دیں۔
خیبروادی تیراہ میں برفباری جاری ہے جس کے بعد پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی،وادی کے حسن کو برفباری نے مزید نکھار دیاہے،برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بھی بندہوگئیں،انٹرنیٹ سروس معطل ہونے سے بھی عوام کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے.
ملک کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے،تاہم کشمیر،گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اورشمال مغربی بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔
شمال مغربی بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں میں بالائی خیبر پختونخوا سمیت چند مقامات پر بارش ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔
قلات شہر اور گرد و نواح میں بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔
پنجاب کے بیشتراضلاع اور بالائی سندھ میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔