پاکستانی طلباء کی چین میں جدید زرعی تربیت کا خرچ حکومت اٹھائے گی: وزیر اعظم

Jan 22, 2025 | 10:57:AM

(24نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف  نے کہا کہ پاکستانی طلباء کی چین میں جدید زرعی تربیت کا پورا خرچ حکومت پاکستان اٹھائے گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت چین جانے والے پاکستانی طالب علموں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نے زرعی شعبے کی تربیت کے لیے بھیجے جانے والے طلباء کے انتخاب میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کی،انہوں نے پورٹل سے درخواستوں کی اسکروٹنی کے دوران سلیکشن سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے کمیٹی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس کی زرعی شعبے میں ترقی بے مثال ہے، اپنے دورے کے دوران چینی قیادت سے زرعی شعبے میں پاکستانی طلباء کی جدید تربیت کی درخواست کی تھی،انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کے فضل سے بہت جلد طلباء کا پہلا بیچ زراعت کے شعبے میں جدید تربیت کے لیے چین روانہ ہو گا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ چین جانے والے ان طلباء میں 10 فیصد خصوصی کوٹہ بلوچستان کے طلباء کے لیے مختص کیا گیا ہے،چین کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے پاکستانی طلباء کو چین میں زراعت کی جدید تربیت کا موقع دیا۔

مزیدخبریں