سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا،مریم نواز

Jan 22, 2025 | 16:22:PM

(رائو دلشاد)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا،  بات اچھی لگے یا نہ لگے لیکن سوچیں ضرور کہ ملک کے ساتھ مخلص کون ہے۔

 پاکستان ایئر وار کورس کے 79 رکنی وفد  سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے پاک فضاؤں کی نگہبانی کے لیے قابلِ قدر کارنامے سر انجام دیئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ایئر فورس نے چیلنجز کا سامنا کر کے عوام کے دل میں جگہ بنائی ہے۔ یوکرین، ایران، اسرائیل اور دیگر جنگوں سے ایئر فورس کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اچھی خبروں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، تسلسل برقرار رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بات اچھی لگے یا نہ لگے لیکن سوچیں ضرور کہ ملک کے ساتھ مخلص کون ہے۔

سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا،پنجاب میں پورے پاکستان سے لوگ بہتر کاروباری مواقع کے لئے آرہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ہر شعبہ ہر سکیم میری ترجیح ہے،فری مارکیٹ اکانومی ترجیح ہے مگرغریب کے لئے نرخ نہیں بڑھنے دیں گے 
پاکستان میں نوجوان اکثریت میں ہیں،انسانی وسائل کو طاقت بنائیں گے،کوئی امیر ہے یا غریب، تعلیم سماجی مساوات قائم کرتی ہے۔ 
میرٹ ہمارا طرہ امتیاز ہے،حلفاً کہہ سکتی ہوں کوئی سکالر شپ میرٹ کے خلاف نہیں دیا،کوئی تعیناتی سفارش پر نہیں کی۔ 

اللہ تعالیٰ نے ذمہ داری دی ہے تو اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے جواب دہ ہوں،سیاسی دباؤ کے باوجود عوام کی امانت میں خیانت نہیں کی ۔
ہر رات سونے سے پہلے اپنا احتساب خود کرتی ہوں، پاکستان میں 90 فیصد چھوٹے کسان ہیں، حکومت کو چھوٹے کاشتکار کا ہاتھ تھامنا پڑتا ہے ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کورس کے شرکاء کے سوالوں کے جوابات بھی دئیے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے اقلیتی کارڈ کا بھی اجرا ءکر دیا۔

مریم نواز  نے تقریب سے خطاب  کرتے ہو ئے کہا کہ اقلیتی کارڈ 50ہزار گھرانوں کو دئیے جائیں گے۔

مزیدخبریں