فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہورجنرل ہسپتال میں ریلی،جنگ بندی کاخیرمقدم

جنگ بندی خوش آئند ہے،پروفیسر الفرید ظفر،تین ملین سے زائد رقم فلسطین بھجواچکے، پروفیسرحنیف میاں 

Jan 22, 2025 | 16:27:PM

(ویب ڈیسک)لاہورجنرل ہسپتال شعبہ آرتھوپیڈک اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی۔

 پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ اورامیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے بعد شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی شروع ہو گئی ہے،تاہم ہزاروں زخمیوں کے علاج معالجے اور دیکھ بھال کے لئے مالی امداداورادویات کے ساتھ ہیلتھ پروفیشنلز کی بھی شدید ضرورت ہے، گرینڈ ہیلتھ الائنس حکومت پاکستان کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے،اگر اجازت ملی تو لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز،نرسز، پیرا میڈیکس رضا کارانہ طور پر فلسطین جا کر زخمی بچوں، خواتین اور بڑوں کے علاج معالجے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے اپنی پیشہ وارانہ خدمات سر انجام دینے کے لئے تیار ہیں۔

شعبہ آرتھو پیڈک لاہور جنرل ہسپتال کے سربراہ پروفیسر محمد حنیف میاں کا کہنا تھا کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں،ظلم و زیادتی کی اس جنگ میں لاہور جنرل ہسپتال اب تک تین ملین سے زائد رقم فلسطینیوں کو بھجوا چکا ہے ، آئندہ بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے تاکہ اہل فلسطین جلد اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے صبر، استقامت اور جواں مردی کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ظلم و بربریت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی شناخت کو برقرار رکھا۔

ڈاکٹر حسیب تھند کا کہنا تھا کہ لاہور جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ڈاکٹر عدنان مسعودنے بھی اہل فلسطین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ جنرل ہسپتال کے ڈاکٹرز ہمہ وقت ان کے ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سیاسی عدم استحکام نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا،مریم نواز

پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر جنید میو نے بھی سیز فائر پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ وہ اپنے فلسطینی بھائیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے اور جس حد تک ممکن ہو سکا اُن کی مدد جاری رکھیں گے۔

ریلی میں پروفیسر محمد حنیف،ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین،ڈاکٹر عدنان مسعود،ڈاکٹر خالد کاظمی،ڈاکٹر حسیب تھند،ڈاکٹر اقبال میو، ڈاکٹر نوید علی، ڈاکٹر شجاع، ڈاکٹر شیراز، ڈاکٹر عبداللہ، ڈاکٹر حسین خالد، جنید میو سمیت ڈاکٹرز، نرسز و پیرا میڈکس کی کثیر تعداد موجود تھی جن کا جوش خروش قابل دید تھا، شرکاء نے فلسطین کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔  

مزیدخبریں