(ویب ڈیسک) رواں مالی سال 31 دسمبر کو ختم ہونیوالی سہ ماہی کے دوران ہونڈا اٹلس کارز (پاکستان) لمیٹڈ کا منافع سالانہ 295 فیصد اضافے کے بعد 566.4 ملین روپے ریکارڈ کیا گیا۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کو جاری ہونے والے ایچ سی اے آر کے مالیاتی گوشواروں سے پتہ چلتا ہے کہ کمپنی کا منافع گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 143.3 ملین روپے تھا، سہ ماہی کے دوران آٹومیکرز کی فی حصص آمدنی (ای پی ایس) 3.97 روپے رہی جو گزشتہ سال ایک روپے تھی۔
رپورٹ کے مطابق سہ ماہی کے دوران ایچ سی اے آر کی فروخت 17.85 ارب روپے رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 12.43 ارب روپے کے مقابلے میں 44 فیصد اضافہ ہے۔
مالی سال 25ء کی دوسری سہ ماہی میں کمپنی کی فروخت کی لاگت بھی 42 فیصد اضافے سے 16.2 ارب روپے تک پہنچ گئی، نتیجتاً کمپنی کا مجموعی منافع تقریبا 60 فیصد بڑھ کر مالی سال 25ء کی دوسری سہ ماہی میں 1.64 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں مجموعی منافع 1.03 ارب روپے تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 25ء کی دوسری سہ ماہی میں ہونڈا اٹلس کا مجموعی مارجن 9.2 فیصد تک بڑھ گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 8.3 فیصد تھا۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2024ء میں پاکستان میں کاروں کی فروخت گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 69 فیصد اضافے کے ساتھ 9 ہزار 820 یونٹس تک پہنچ گئی۔
ایچ سی اے آر کے تازہ ترین مالی نتائج کے مطابق آٹوموبائل کمپنی کے انتظامی اخراجات میں اضافہ دیکھا گیا جو مالی سال 25ء کی دوسری سہ ماہی میں 15 فیصد اضافے کے ساتھ 457.3 ملین روپے رہا جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں یہ 398.4 ملین روپے تھا۔
دوسری جانب ایچ سی اے آر کی دیگر آمدن میں تقریباً 34 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو مالی سال 2025ء کی دوسری سہ ماہی میں صرف 18 کروڑ 99 لاکھ روپے رہی جبکہ مالی سال 24ء کی دوسری سہ ماہی میں یہ 28 کروڑ 82 لاکھ روپے تھی،مالی سال 2025ء کی دوسری سہ ماہی میں آٹومیکر کی فنانس لاگت 52 فیصد کم ہوکر 214.9 ملین روپے رہی جو گزشتہ سال کی اسی مدت میں 443.2 ملین روپے تھی،سہ ماہی کے دوران کمپنی نے لیویز کی مد میں 109 ملین روپے بھی حاصل کیے، اس کے نتیجے میں کمپنی نے مالی سال 2025ء کی دوسری سہ ماہی میں 1.1 ارب روپے کا قبل از ٹیکس منافع (پی بی ٹی) حاصل کیا جو سالانہ 387 فیصد زیادہ ہے۔
ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر 1992ء میں پاکستان میں قائم ایچ سی اے آر نے 1994ء میں اپنے کمرشل آپریشنز کا آغاز کیا، یہ کمپنی ہونڈا موٹرز کمپنی لمیٹڈ، جاپان اور اٹلس گروپ آف کمپنیز پاکستان کے مشترکہ منصوبے کے نتیجے میں قائم کی گئی تھی۔