پی ٹی آئی میں نیا تنازع۔۔ بشریٰ بی بی کا ترجمان کون ؟

Jan 22, 2025 | 20:52:PM

(24 نیوز)تحریک انصاف کی دو خواتین رہنمائوں مشعال یوسفزئی اور مسرت جمشید چیمہ نے اپنے الگ الگ بیانات میں بشریٰ بی بی کی ترجمانی کا دعویٰ کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ترجمانی پر پارٹی میں نئےتنازع سر اٹھا لیا ہے۔اس حوالے سے مشعال یوسفزئی نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے بشریٰ بی بی کا ترجمان نامزد کیا ہے جبکہ مسرت جمشید چیمہ کا دعویٰ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں بشریٰ بی بی کا ترجمان نامزد کیا ہے۔مسرت چیمہ کا کہنا ہے کہ مشعال یوسفزئی کو صرف لیگل معاملات سونپے گئے ہیں۔

اس معاملے پر  فیصل چوہدری ایڈوکیٹ کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی کی ترجمانی کے لیے پارٹی کسی کو بھی نوٹیفائی کرسکتی ہے، پارٹی کا نوٹیفکیشن سامنے آیا تو اس پر بات کروں گا۔

اس تنازعے کے حوالے سے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک میں مشعال یوسفزئی کا کہنا تھاکہ میں کچھ لوگوں کے لیے تھریٹ بنی ہوئی ہوں، میرا جیل میں داخلہ روکنے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ اپنوں اور پرایوں کی ملی بھگت کی سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا خیال تھا چپ کرکے بیٹھ جاؤں گی، ان کوپتہ نہیں تھا مزاحمت کروں گی، ڈیڑھ سال میں میری وجہ سے تین مرتبہ سماعت روکی گئی ہے۔مشعال یوسفزئی کا مزید کہنا تھاکہ مسرت جمشید چیمہ کوترجمان نہیں بنایا گیا، وہ میڈیا ٹاک میں میرے ساتھ کھڑی ہوں گی، بشریٰ بی بی کی ترجمان میں تھی، میں ہی رہوں گی۔ایک سوال پر کہ کون آپ کے آگے رکاوٹ کھڑی کررہا ہے؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ کچھ پردے رہنے ہی دیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی کیو آر کوڈ استعمال کرنے میں کیوں پیچھے ؟ اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر نے وجوہات بتا دیں


 

مزیدخبریں