(ویب ڈیسک) مفاہمت کے گرو سابق صدر آصف علی زرداری چودھری شجاعت حسین سے ہونے والی ملاقاتوں میں بڑا بریک تھرو حاصل نہ کرسکے۔ گزشتہ روز آصف زرداری ایک ہی دن میں 2 مرتبہ ق لیگ کے صدر سے ملاقات کے لیے ان کی رہائشگاہ پہنچے۔ جہاں انہوں نے پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری کی آمد کا سن کر پرویز الہیٰ اور مونس الہیٰ گھر سے باہر چلے گئے اور ملاقات سے انکار کردیا اور دونوں مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں شرکت کے لیے نجی ہوٹل روانہ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے دن ن لیگ کو بڑی کامیابی مل گئی
مختصر وقت میں ہونے والی دوسری ملاقات میں دونوں رہنماؤں کی بیٹھک کئی گھنٹوں پر محیط رہی، اس دوران سابق صدر نے بلاول ہاؤس سے اپنا پرہیزی کھانا منگوا کر چودھری شجاعت کی رہائش گاہ پر ہی کھایا۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے چودھری شجاعت حسین سے وزیراعلی پنجاب کے انتخاب میں مسلم لیگ نون کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا جس پر ق لیگ کے صدر نے واضح کیا کہ ان کی پارٹی چودھری پرویز الہیٰ کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرچکی ہے۔