وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: کس کا پلڑا بھاری ؟ نمبر گیم سامنے آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 4 بجے ہوگا۔ ایوان میں سیاسی جماعتوں کی نمبر گیم سامنے آگئی۔
17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے بعد پنجاب میں اپوزیشن کا پلڑا بھاری ہوگیا، پی ٹی آئی کے 178 اور مسلم لیگ ق کے 10 ارکان کو ملا کر اپوزیشن ارکان کی تعداد 188 ہوگئی۔
ضمنی الیکشن میں 4 نشستوں پر کامیابی کے بعد مسلم لیگ ن کے پنجاب میں 168 ارکان ہوگئے تاہم ایک رکن نے ابھی حلف نہیں اٹھایا ہے اور اس کا ووٹ کھٹائی میں پڑتا نظر آرہا ہے۔
اگر اس رکن نے حلف اٹھالیا تو ن لیگ 168، پیپلزپارٹی 7، آزاد 3 اور راہ حق پارٹی کے ایک ووٹ کے ساتھ حکومتی اتحاد کے ارکان کی تعداد 179 بنتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موبائل فون سروس کی بندش کے حوالے سے بڑی خبر آگئی
دوسری جانب وزیراعلی پنجاب کے انتخاب پر پرویز الہی نے اسمبلی ہال میں پولیس سیکورٹی کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی سپیکر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ پرویز الہی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں اکثریت کھونے کے بعد حمزہ شہباز شکست تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا کہ غیر آئینی اقدامات کر کے انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، سپریم کورٹ یکم جولائی کو صاف اور شفاف انتخابات کا حکم دے چکی، شکست نظر آتے ہوئے ن لیگ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ سارجنٹس کی جگہ پولیس کی اسمبلی ہال میں تعیناتی کا غیر قانونی نوٹس جاری کیا جاچکا ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ آئی جی پنجاب کو حکم دیا جائے کہ کوئی پولیس والا اسمبلی ہال داخل نہ ہو، سارجنٹس کو اسمبلی ہال کی سیکورٹی کرنے دی جائے۔