این سی او سی نے محرم الحرام کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا

Jul 22, 2022 | 12:44:PM

(ویب ڈیسک )نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے محرم الحرام کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مجالس اور جلوس کے دوران کورونا ایس او پیز کا خیال رکھا جائے، مجالس اور جلوسوں میں ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال کیا جائے اور ذاکر اور مجالس کے شرکاء کے لیے ویکسینیشن لازمی قرار دی جائے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ مجالس کا اہتمام کھلی جگہوں پر کیا جائے، بزرگ، بچے اور بیمار افراد مجالس و جلوسوں میں شرکت سے گریز کریں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ مجالس اور جلوسوں میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے، مجالس و جلوس کے داخلی راستوں پر سینیٹائزر  رکھے جائیں اور داخلی و خارجی راستوں پر رش نہ لگنے دیا جائے۔اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مجالس کے اوقات کار کم کیے جائیں اور مجلس سے پہلے فرش دھویا جائے، نذر و نیاز میں پیک کھانا اور ڈسپوزبل برتن استعمال کیے جائیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ انتظامیہ مذہبی تقریبات میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

مزیدخبریں