(ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی میں پولیس تعیناتی پر پاکستان تحریک انصاف نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پہلے اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزارت اعلیٰ پنجاب کے امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں آئی جی پنجاب کو اسمبلی ہال میں داخلے سے روکنے کی استدعا کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب: کس کا پلڑا بھاری ؟ نمبر گیم سامنے آگئی
اب تحریک انصاف کی ایم پی اے زینب عمیر نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو قانونی نوٹس بھجوایا ہے، جس میں کہا گیا کہ آپ نے پہلے بھی سولہ اپریل کو پنجاب اسمبلی کا ماحول خراب کیا، پولیس نے خواتین ،بزرگ ممبران کوتشدد کا نشانہ بنایا۔
قانونی نوٹس کے متن میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کل پولیس، چیف سیکریٹری کو اسمبلی کے باہرسکیورٹی کا حکم دیا جبکہ ڈپٹی اسپیکر نے آئی جی پنجاب کو خط لکھ دیا جو کہ توہین عدالت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے موقف اپنایا کہ آئی جی پنجاب ڈپٹی اسپیکر اسمبلی کے خط پر عملدرآمد نہ کریں، اگر ڈپٹی اسپیکر کے خط پر عملدرآمد کیا تو آپ توہین عدالت کے مرتکب ہونگے۔
زینب عمیر نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو قانونی نوٹس بھجوایا/ فائل فوٹو، گوگل سورس