(24 نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ سری لنکا کرکٹ نے تاخیر کے بعد اب ٹیسٹ سیریز کی تاریخوں اور وینیوز کا اعلان کیا۔
اعلان کردہ شیڈول میں ایک وارم اپ میچ اور دو ٹیسٹ میچز شامل ہیں، تین روزہ وارم اپ میچ 11 سے 13 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد دو ٹیسٹ میچز ہوں گے، پہلا ٹیسٹ میچ سولہ جولائی سے بیس جولائی تک گال میں ہو گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ چوبیس سے اٹھائیس جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں تین اسپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آل راؤنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو اسپنرزاور چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔
یاسر شاہ اور سلمان علی آغا کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، اس کے علاوہ انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز دوبارہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔
اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم ، نائب کپتان محمد رضوان ، عبداللہ شفیق، اظہر علی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، سرفراز احمد ، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ اور نعمان علی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والی سیریز کے وینیوز پر مشاورت طویل ہونے کی وجہ سے شیڈول کے اعلان میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔