وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی سے متعلق اہم اجلاس،ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں قومی، پارلیمانی و سیاسی قیادت، ارکان قومی اسمبلی وسینیٹ اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔
قومی سلامتی کے ذمہ دار اداروں کی جانب سے ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، اجلاس کو ملک کی داخلی اور خارجہ سطح پر لاحق خطرات اور ان کے تدارک کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاگیا۔ اجلاس کو پاکستان افغانستان سرحد پر انتظامی امور کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔
اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان نے افغانستان میں امن واستحکام کیلئے نہایت ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا۔افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔
اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو دنیا نے تسلیم کیا۔ قوم اور افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی بدولت ملک میں ریاستی عملداری، امن کی بحالی اور معمول کی زندگی کی واپسی کو یقینی بنایاگیا ہے۔ آج پاکستان کے کسی حصے میں بھی منظم دہشت گردی کا کوئی ڈھانچہ باقی نہیں رہا۔
شرکا کو ٹی ٹی پی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بارے میں بھی تفصیلات سے آگاہ کیاگیا۔ شرکا کو بتایا گیا کہ افغانستان کی حکومت کی سہولت کاری سے ٹی ٹی پی کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے ۔حکومتی قیادت میں سول اور فوجی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی آئین پاکستان کے دائرے میں بات چیت کررہی ہے۔ حتمی فیصلہ آئین پاکستان کی روشنی میں پارلیمنٹ کی منظوری، رہنمائی اور اتفاق رائے سے کیاجائے گا۔ سیاسی قیادت نے معاملات سے نمٹنے کی حکمت عملی اور اس میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سونا خریدنے والوں کیلئے اچھی خبر، قیمتوں میں بڑی کمی ہو گئی