(24 نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں کل معمول کے تمام مقدمات کی سماعت کو ڈی لسٹ کردیا گیا ہے۔
کل سپریم کورٹ میں صرف سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت ہوگی جو صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے: سویلین کا فوجی عدالتوں میں ٹرائل روکنے کیلئے حکم امتناع کی درخواست مسترد
خیال رہے کہ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے سات رکنی بینچ نے فوجی عدالتوں کیخلاف درخواستوں پر سماعت کل تک ملتوی کردی تھی جبکہ اعتزاز احسن کے وکیل سردار لطیف کھوسہ کل بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف درخواستوں پر آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے عدالت نے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیے اور کہا کہ کل فیصل صدیقی کے دلائل سنیں گے۔ عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔
حکمنامے میں مزید کہا گیا کہ اٹارنی جنرل 9 مئی کے واقعات کے بعد سول اور ملٹری کسٹڈی میں موجود افراد کی تعداد بتائیں اور تفصیلات جمع کرائیں کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد کتنی خواتین اور بچے گرفتار ہیں۔
حکمنامے کے مطابق کیس کی مزید سماعت کل صبح 9:30 بجے ہوگی۔
عدالت کی جانب سے وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر دفاع،چیئرمین پی ٹی آئی اور وفاق اور چاروں صوبوں کیساتھ ساتھ اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیے گئے۔