آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کیساتھ بارش، محکمہ موسمیات نے نوید سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فاران خان، فاطمہ عارف) محکمہ موسمیات نے جنوبی سندھ، مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے جنوبی/وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر موجود ہے، ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گاتاہم جنوبی سندھ، مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حجاب پہننے پر پابندی عائد
محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو بھی خوشخبری سناتے ہوئے شام اور رات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی، محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مضافات میں شام و رات میں آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے، آج دن بھر موسم گرم اور مرطوب رہے گا، شہر قائد کا موجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جنوبی مغربی سمت سے ہوائیں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ شہر لاہور کامطلع جزوی طور پرابر آلود ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 56فیصد ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں، فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آ گئی، ایئر کوالٹی انڈیکس کی شرح 86ریکارڈ کی گئی، عالمی فضائی آلودگی کی درجہ بندی میں لاہور 16 ویں نمبر پر آگیا، ٹھوکر نیاز بیگ 112 ،سید مراتب علی روڈ پر آلودگی کی شرح 84 ریکارڈ کیا گیا۔