ٹی 20 ورلڈکپ سپر 8 مرحلہ، بھارت نے بنگلادیش کو 50 رنز سے شکست دے دی    

Jun 22, 2024 | 19:18:PM

(24نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں بھارت نے بنگلادیش کو 50 رنز سے شکست دے دی۔بھارت کے 197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بناسکی۔

تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز میں اینٹیگا،نارتھ ساؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیشی کپتان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز روہت شرما اور ویرات کوہلی نے کیا تاہم پہلی وکٹ 39 کے مجموعی سکور پر گری اور کپتان روہت 23 رنز بنا آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ویرات کوہلی 37 اور سوریا کمار یادیو 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ہاردک پانڈیا کی جارحانہ اننگز کی بدولت بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ ہاردک پانڈیا نے 27 گیندوں پر پورے 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ رشبھ پنت نے 36 اور شیوم ڈوبے نے 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن اور رشاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم کے بیٹرز اچھا نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔کپتان نجم الحسین شنٹو نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی تاہم مقررہ 20 اوورز میں بنگلادیشی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنا سکی اور اسے 50 رنز سے شکست ہوئی۔

سپر 8 مرحلے میں بھارت کا یہ دوسرا میچ ہے، اس سے قبل بھارت نے افغانستان کو شکست دی تھی۔ 

یہ بھی پڑھیں : معذور خاتون نے 20 سال تک بنا کام کے تنخواہ دینے والی کمپنی پر مقدمہ درج کروا دیا

مزیدخبریں