(24نیوز) پیپلزپارٹی نے قانونی مشاورت کے بعد چیئرمین سینٹ کے انتخابی نتائج کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے،درخواست میں خفیہ کیمروں کی تنصیب اور مسترد ووٹوں کا معاملہ بھی اٹھا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینٹ کے انتخاب کے نتائج اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ جس میں مسترد ووٹوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ پیپلزپارٹی نے خفیہ کیمروں کی تنصیب کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینٹ کام کرنے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے چیئرمین سینٹ کا انتخاب مسترد کرتے ہوئے عدالت جانے کا اعلان کیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد کرکے ان کی یقینی جیت کو ہار میں بدلا گیا۔ امید ہے ہمیں عدالت سے انصاف ملے گا۔