رواں سال کوئی بچہ بغیر امتحان پاس نہیں ہوگا : شفقت محمود نے واضح کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ وزارت تعلیم کی خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے کھلے رہیں کیونکہ سکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے ۔ اس سال بغیر امتحان کسی بچے کو پاس نہیں کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود لاہور چیمبر پہنچ گئے ۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا صدر لاہور چیمبر میاں طارق نے استقبال کیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 9ویں تا 12 ویں جماعت کے بچوں کو اس سال بغیر امتحان پاس نہیں کیا جائے گا۔ایسے ملک میں جہاں دوکروڑ بچے پہلے ہی سکول نہ جارہے ہوں ایک سال میں بچوں کا بے پناہ تعلیمی نقصان ہوا ہے ہمارے لئے تعلیمی ادارے بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ تھا۔ اس حوالے سے 24 مارچ کو دوبارہ میٹنگ ہے جس میں جائزہ لیں گے کہ تعلیمی ادارے کھولنے ہیں یانہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں ہم نے کئی اقدامات کیے ہیں اور وزارت تعلیم کی خواہش ہے کہ تعلیمی ادارے کھلے رہیں کیونکہ تعلیمی اداروں میں تدریس اور آن لائن تعلیم میں فرق ہے، آن لائن تدریس میں وہ باتیں نہیں ہوتیں جوکلاس روم میں ہوتی ہیں۔ تقریب میں سینئر نائب صدر ناصر حمید خان، نائب صدر طاہر منظور چودھری، سابق صدور میان مصباح الرحمن، چیئرمین لاہور ریسٹورنٹس یونٹی عامر رفیق قریشی موجود تھے ۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث کورونا کی کئی پابندیاں دوبارہ نافذ کی گئی ہیں جب کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلے کے لیے کل اجلاس طلب کیا گیا ہے۔