(24 نیوز)وزیراعظم آفس کو موصول ہونے والی براڈشیٹ انکوائری کمیشن رپورٹ کے مندرجات سامنے آ گئے،رپورٹ میں براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونےکا انکشاف کیا گیا ہے۔
براڈ شیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر کی ادائیگی کا ریکارڈ غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ براڈ شیٹ کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی۔ کمیشن رپورٹ جوائنٹ سیکرٹری زاہد مقصود نے وصول کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ براڈشیٹ کمپنی کو 15 لاکھ ڈالر رقم کی غلط ادائیگی کی گئی، ادائیگی کو صرف بے احتیاطی قرار نہیں دیا جا سکتا،غلط شخص کو ادائیگی ریاست پاکستان کے ساتھ دھوکہ ہے۔وزارت خزانہ، قانون، اٹارنی جنرل آفس سے فائلیں چوری ہو گئیں، پاکستانی ہائی کمیشن لندن سے بھی ادائیگی کی فائل سے اندراج کا حصہ غائب ہوگیا۔براڈشیٹ کمیشن کو تمام تفصیلات نیب کی دستاویزات سے ملیں۔
ذرائع کے مطابق براڈشیٹ کمیشن رپورٹ اور متعلقہ ریکارڈ 500 صفحات پر مشتمل ہے۔ کمیشن نے مجموعی طور پر 26 گواہان کے بیان ریکارڈ کئے۔ ایک سابق خاتون لیگل کنسلٹنٹ طلبی کے باوجود کمیشن میں پیش نہ ہوئیں۔
واضح رہے براڈ شیٹ کمیشن نے 9 فروری کو کام شروع کیا تھا۔