این اے 249 ضمنی الیکشن،پی ٹی آئی نے الیکشن سے پہلے ہی شکست تسلیم کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) این اے 249 کے ضمنی انتخابات لڑنے سے پہلے ہی پاکستان تحریک انصاف نے شکست تسلیم کرلی، پی ٹی آئی ایم پی اے ملک شہزاد اعوان نے چیف آرگنائزر کو لکھے گئے خط میں کئی انکشافات کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق این اے 249 کا ضمنی انتخابات پی ٹی آئی کیلئے درد سر بن گیا۔ پہلے آپس میں اختلافات کی خبریں تو اب الیکشن لڑنے سے پہلے ہی ہار تسلیم کرنے کا انکشاف ہوا ہے بلدیہ سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے ملک شہزاد نے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ جب میں نے پارلیمانی بورڈ سے پوچھا امجد آفریدی کو کیوں ٹکٹ دیا تو انہوں نے مجھے کہا کہ ہم یہ سیٹ نہیں جیت سکتے۔
ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ اس الیکشن میں اگر پی ٹی آئی ہاری تو اس کے اثرات پاکستان کی سیاست پر نظر آئیں گے اور اس کے ذمہ دار گورنر سندھ مقامی قیادت اور سیف اللہ نیازی ہوں گے۔
ملک شہزاد اعوان نے اس سے پہلے اسمبلی کی رکنیت سے اپنا استعفیٰ حلیم عادل شیخ اور گورنر سندھ کو بھیج چکے ہیں جبکہ وزیراعظم عمران خان، گورنر سندھ کو بھی خط لکھا تھا جس میں این اے 249 کے لئے امجد آفریدی کی مخالفت کی جبکہ اب ایک بار پھر این اے 249سے امیدوار امجد آفریدی کی جگہ کسی اور کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔