سلیکٹڈکا سلسلہ لاہور کے خاندان سے شروع ہوا، بلاول کی شریف خاندان پر تنقید

Mar 22, 2021 | 21:37:PM

( 24نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کاکہناہے کہ ہماری رگوں میں سلیکٹ ہونا شامل نہیں ،لاہور کاخاندان ہے جو ماضی میں سلیکٹ ہوتا رہا ہے،پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ سلیکٹ ہونے کے سلسلے کو فل سٹاپ لگ جائے ۔
منصورہ میں سراج الحق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ لانگ مارچ ملتوی نہیں کرنا چاہئے تھا،ہماری پوری تیاری تھی ،اسلام آباداور راولپنڈ ی کے ہوٹلوں میں بکنگ کرا رکھی تھی ،کس نے کہاتھا استعفوں کو لانگ مارچ سے جوڑیں۔پنجاب حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد استعفوں سے زیادہ موزوں آپشن تھا۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ الیکٹورل ریفارمز ،احتساب اورکشمیر کی آزادی پر پی پی جماعت اسلامی کا نقطہ نظر ایک ہے،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ الیکشن میں دھاندلی کو مسترد کیا ہے، الیکشن ریفارمز پر ہمارازور رہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے حکومت کردار ادانہیں کررہی،اگراپوزیشن ملکر کشمیر کیلئے آواز بلندکرے تو اس کا اچھا نتیجہ نکل سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے کچھ دوستوں کاخیال تھا ضمنی، سینیٹ انتخابات سے بائیکاٹ کرناچاہئے تھا،ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں کامیابی کے بعد وہ جماعتیں غلط ثابت ہوئیں ،ہمیں امید ہے اس میٹنگ میں لانگ مارچ اور اپنی کامیابیوں پر فوکس کریں گے ،ان کو اپنے موقف پر نظرثانی کرنی چاہئے تھی جن کا موقف غلط ثابت ہوا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ میں نے پہلے دن سے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کو اکٹھاکرنے کی کوشش کی،میری آخری دم تک کوشش رہے گی، اپوزیشن کی جماعتیں متحد رہیں ،اگرہم متحد نہیں رہیں گے تو اس کا فائدہ صرف اور صرف عمران خان کو ہوگا۔

مزیدخبریں