چین نے ایک بار پھر دوستی کا حق ادا کردیا،مزید کورونا ویکسین بھجوانے کا اعلان

Mar 22, 2021 | 23:59:PM

(24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہواہے،دونوں وزرائے خارجہ کے مابین کورونا وبائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، چینی وزیر خارجہ نے 31 مارچ تک پاکستان کو مزید ویکسین ڈوزز بھجوانے کا اعلان کیا۔
وزیر خارجہ نے چینی قیادت کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا، شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کورونا وبائی چیلنج کے بعد جس طرح چین نے عالمی برادری بالخصوص پاکستان کی معاونت کی ہے وہ فقیدالمثال ہے ،ہم کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت تمام حفاظتی اقدامات اٹھا رہے ہیں ،وزیر خارجہ نے تحفتاً کورونا ویکسین بھجوانے پر چینی قیادت اور چینی وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
 وزیر خارجہ نے چینی ہم منصب کو پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن کی صورتحال سے آگاہ کیا ، شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے پاکستانی شہریوں کو کورونا وبا سے محفوظ بنانے کیلئے ویکسی نیشن کا ایک جامع منصوبہ تشکیل دیا ہے، ہمیں جلد ویکسین کی مزید ڈوزز درکار ہوں گی۔
چینی وزیر خارجہ نے کہاکہ چین سے کورونا ویکسین کے حصول کیلئے سو سے زیادہ ممالک رابطہ کر چکے ہیں ، پاکستان کے ساتھ ہم اپنی مثالی دوستی کو نبھاتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر ویکسین کی مطلوبہ ڈوزز مہیا کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس جذبہ خیر سگالی پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، دونوں وزرائے خارجہ کا پاکستان اور چین کے مابین اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں