عثمان بزدار رخصتی کیلئے تیار۔؟۔۔سابق وزیر اعلیٰ کی مراعات بڑھانے کا فیصلہ

Mar 22, 2022 | 20:03:PM
سیاسی منظرنامہ۔عثمان بزدار۔رخصتی۔مراعات۔سمری۔پروٹوکول
کیپشن: وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی رامے )ملکی سیاست میں اگروزیر اعظم عمران خان کو ناکامی ہوتی ہے تو پنجاب کے وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار بھی جائیں گے۔پنجاب میں واضح طور حکومت سے ناراض جہانگیر ترین گروپ کا بڑا مطالبہ یہی ہے کہ عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ادھر مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی بھی وزیر اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن حمایت کے بدلے میں انہیں وزارت اعلیٰ کی پیش کش کر چکی ہے۔
اس سارے سیاسی منظر نامے میں عثمان بزدار کا جانا یقینی لگتا ہے۔اور شاید اپنی روانگی بھانپ کر ہی سردار عثمان بزدار نے یہ معلوم کرنا شروع کر دیا ہے کہ وزارت اعلیٰ چھوڑنے کے بعد انہیں کیا کیا مراعات ملیں گی۔یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ذہنی طور پر جانے کو تیار ہو گئے ہیں ؟۔
 محکمہ آئی اینڈ سی پنجاب کی جانب سے باقاعدہ تفصیلات کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو آگاہ بھی کردیا گیا ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کو حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات بڑھانے کے لئے باقاعدہ سمری بھی ارسال کردی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کی گئی سمری میں سابق وزیر اعلیٰ کے لئے مراعات میں اضافے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔جبکہ قانون میں ترامیم کرکے سابق وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی اور پروٹوکول بڑھانے کی سفارشات بھی اس سمری کا حصہ ہیں۔دستاویزات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی کے لئے دو ایلیٹ پولیس کی گاڑیاں دینے کی سفارشات کی گئی ہے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ کے لئے خدمت کے لئے ذاتی ملازمین کی تعداد پانچ سے زیادہ کرنے کی سفارشات بھی شامل ہیں۔سابق وزیر اعلیٰ کو کسی بھی سرکاری ریسٹ ہاو¿س میں قیام کی اجازت بھی ہوگی جبکہ سابق وزیر اعلیٰ اور ان کے خاندان کے لئے ہیلتھ سے متعلق بھی سہولیات بڑھانے کی سفارشات کی گئیں ہیں۔زرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی منظوری کے بعد کسی بھی سابق وزرائے اعلیٰ کو دی جانے والی مراعات پر نئے ترمیم کردہ قانون کے مطابق دی جائیں گی۔زرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ موجودہ وزیر اعلیٰ سابق وزیراعلیٰ کے پروٹوکول کے متعلق ایسی معلومات حاصل کرے اور ان میں ترامیم کی سفارش کرے۔محکمہ آئی اینڈ سی کے حکام کا کہنا ہے کسی بھی سابق وزیر اعلیٰ کو قانون کے مطابق مراعات اور پروٹوکول دیا جاتا ہے جبکہ پروٹوکول اور سکیورٹی سمیت دیگر معاملات پر قانون میں بڑھانے کے حوالے اختیارات حکومت کے پاس ہوتے ہیں۔ 
یہ بھی پڑھیں۔ عمران خان کوجیل بھیجنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔منظور وسان کی پشین گوئی

علی رامے

علی رامے سٹی نیوز نیٹ ورک سے وابستہ ایک سینئر تحقیقاتی رپورٹر ہیں۔ وہ 2013 سے اس گروپ سے وابستہ ہیں اور بنیادی طور پر پنجاب حکومت کے ماتحت محکموں میں تحقیقاتی اور دلچسپ  اسٹوریز کا احاطہ کرتے ہیں۔