’  نکاح قبول نہیں‘دلہن تھانے پہنچ گئی، پھر پولیس نے کیا کام دکھایا ؟

Mar 22, 2022 | 21:36:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنو  کے علاقے کشی نگر کے وشنو پورہ گاؤں میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ، جو ہر طرف موضوع بحث بنا ہوا ہے ۔ یہاں پر نکاح کے دوران ہی ایک دلہن نے کہہ دیا کہ اس کو نکاح قبول نہیں ہے ۔ اس کے بعد دلہن وہاں سے اٹھ کر تھانہ چلی گئی اور اپنے ساتھ پولیس کو لے کر گھر پہنچ گئی ۔ 
بھارتی نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس دوران دلہن کے نکاح قبول نہیں کرنے پر دولہا فریق کے لوگ ناراض ہوگئے اور جم کر ہنگامہ کیا ۔ حالانکہ بعد میں پولیس نے جائے واقعہ پر پہنچ کر دونوں فریقوں کو سمجھایا اور معاملہ کو ٹھنڈا  کیا ۔ بعد میں پولیس نے کچھ ایسا کیا جو کہ مثال بن گیا اور لوگ پولیس کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے ۔ دراصل وہ  لڑکی کسی اور لڑکے سے شادی کرنا چاہتی تھی ، لیکن اس کے اہل خانہ کے لوگ زبردستی اس کا نکاح کسی دوسرے نوجوان سے کرنا چاہتے تھے ۔ اس پر دلہن نے شادی کے دوران ہی کہہ دیا کہ اس کو نکاح قبول نہیں ہے ۔ اس کے بعد دلہن سیدھے تھانہ پہنچ گئی اور بتایا کہ اس کے اہل خانہ کے لوگ زبردستی اس کی شادی کروا رہے ہیں جبکہ وہ رام کولا میں رہنے والے اپنے عاشق کے ساتھ شادی کرنا چاہتی ہے۔ پولیس نے فورا کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو لے کر جائے واقع پر پہنچی اور دونوں فریقوں کو سمجھانے کی کوشش کی ۔ اس دوران پولیس نے وہاں پر مشتعل لڑکے کے لوگوں کو بھی سمجھایااور بعد میں دولہے و دلہن کے والدین کو لے کر تھانہ پہنچ گئی ۔ پولیس نے یہاں پر ان دونوں سے ہی طویل بات چیت کے بعد ان کے غصہ کو ٹھنڈا کیا اور لڑکی کی شادی اس کے عاشق سے کروانے کیلئے راضی کیا ۔ اس کے بعد پولیس نے فورا ہی لڑکی اور اس کے عاشق کی شادی کروادی ۔ دوسری طرف  لڑکی سے شادی کرنے کیلئے پہنچا دولہا اور بارات بے رنگ لوٹ گئی۔ اس موقع پر پولیس نے پورا معاملہ سنبھال کر کسی بھی طرح کی جھڑپ نہیں ہونے دی ۔

یہ بھی پڑھیں:دلچسپ..مشہور گلوکارہ کو جسم سےگیس اخراج میں مشکل،ہسپتال والوں کیا مشورہ دیا ؟

مزیدخبریں