وزیراعظم شہباز شریف کا ایک لاکھ طلبہ کےلئے لیپ ٹاپ کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے رواں سال ایک لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا عمارتیں بنانا حکومت کا کام نہیں، بچوں پر سرمایہ کاری کی جائے، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی آنے والی نسلوں کو تعلیم کی فراہمی ہمارا مقصد حیات ہونا چاہئے۔
وزیراعظم ہاؤس میں ٹیلی سکول پاکستان ایپلی کیشن کے افتتاح کے موقع پر تقریب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہنر مندی کی تعلیم کو فروغ دیا جائے، اساتذہ کی معیاری تربیت یقینی بنائی جائے، وفاقی وزیر تعلیم صوبوں کے ساتھ مل کر ایک مربوط پروگرام بنائیں جس میں اساتذہ کو ٹیبلٹس مہیا کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کے حوالہ سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کے فروغ کے لئے یہ ایک اچھا قدم ہے، پنجاب میں 10 سالہ دور میں نے دیکھا کہ اساتذہ کی تربیت کا معیار بہتر نہیں ہے، اللہ کرے کہ اس حوالے سے تیزی سے قدم اٹھائے گئے ہوں تاہم ایسا لگتا نہیں ہے۔