قومی ادارے کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے حکومت نے بڑا قدم اٹھالیا

Mar 22, 2023 | 11:16:AM

(ویب ڈیسک)وفاقی حکومت نے قومی ادارے کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے ہاتھ پیر مارنا شروع کردیے ۔

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے ایک ہنگامی اجلاس میں کویت پیٹرولیم کارپوریشن (کے پی سی) کو ادائیگی کے لیے 27 ارب روپے (تقریباً 10 کروڑ ڈالر) کی خصوصی گرانٹ کی منظوری دے دی گئی تاکہ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو باقاعدہ طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا جا سکے۔

انگیریزی اخبار  کی رپورٹ کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق  ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا  گیا ہے،اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گزشتہ ہفتے سوئی ناردرن پائپ لائنز لمیٹڈ کو پی ایس او کو واجب الادا 498 ارب روپے کی جزوی ادائیگی کی مد میں کمرشل قرضے کے لیے 50 ارب روپے کی گارنٹی کی اجازت دی تھی۔

تاہم پی ایس او نے ایک ہنگامی کال جاری کی کہ ایک تکنیکی ڈیفالٹ پہلے ہی ہو چکا ہے لیکن اس کے اثرات سے بچنے کے لیے فوری زرمبادلہ کی ضرورت ہے۔ے پی سی کئی دہائیوں سے پی ایس او کو ایک کریڈٹ سہولت کے ذریعے ایندھن فراہم کررہا ہے جس میں سالانہ بنیادوں پر توسیع کی جاتی ہے، پچھلی کریڈٹ سہولت 31 دسمبر 2022 کو ختم ہو گئی تھی، زرمبادلہ کے ذخائر کی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر عالمی فراہم کنندگان تشویش کا شکار تھے جبکہ سپلائی کو بڑھانے کی ضرورت تھی۔

ضرور پڑھیں :برائلرمرغی کا گوشت مزید 12روپے سستا ہوگیا 

پی ایس او کے منیجنگ ڈائریکٹر سید محمد طحہٰ نے حکومت کو بتایا کہ پی ایس او کا زرمبادلہ ختم ہو چکا ہے اور مارکیٹ شیئر بڑھنے کے باوجود مقامی مالیاتی اخراجات کمپنی کا منافع بھی ہضم کر رہے ہیں۔پیٹرولیم ڈویژن نے ای سی سی کو بتایا کہ پی ایس او نے کویت سے کریڈٹ سہولت کی وجہ سے ایکسچینج کے نقصانات کے لیے 17 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ مانگی تھی اور ای سی سی نے 3 قسم کی کریڈٹ سہولیات کے انتظام کے لیے پیشہ ور افراد کی ایک کمیٹی تشکیل دی ہے۔

سال 2000 سے پی ایس او ڈیزل آئل کی سپلائی کے لیے کے پی سی کریڈٹ سہولت استعمال کر رہا ہے، یہ ہر کھیپ کے بل آف لینڈنگ کی تاریخ سے 30 روز کے بعد نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) میں برابر رقم جمع کرادیتا ہے اور پھر این بی پی کی جانب سے اس کارگو کی قیمت کویت میں کے پی سی کو منتقل کردی جاتی ہے۔

یہ اطلاع دی گئی کہ کے پی سی کی کریڈٹ سہولت دسمبر میں ختم ہونے کے باوجود 20 مارچ تک 4 ٹرانزیکشنز ابھی باقی ہیں اور اینی بی پی کے متعلقہ اکاؤنٹ میں فنانسنگ دستیاب نہیں ہے کیونکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے گزشتہ ایک سال کے دوران اسے بھاری نقصان پہنچا ہے۔

پی ایس او نے گزشتہ ہفتے حکومت کو بتایا تھا کہ صرف ایس این جی پی ایل کی جانب سے 498 ارب روپے کی ادائیگیوں کے سبب اس کی وصولیاں 775 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہیں اور پی ایس او کا قرضہ 411 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے، اس کی وجہ مالیاتی خلا کو پر کرنا تھا جس کی لاگت رواں برس کے دوران 43 ارب روپے اور آئندہ مالی سال کے دوران 75 ارب روپے ہو جائےگی۔

مزیدخبریں