(24 نیوز) گوجرانوالہ کے معروف بیکری مالک نے بیوی کو مبینہ تشدد کے بعد زہر دے کر قتل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے معروف بیکری مالک نے بیوی پر مبینہ طور پر تشدد کے بعد زہر دے دیا۔ بیکری مالک عمیر افضل کی بیوی کرن شہزادی آج سول ہسپتال میں دم توڑ گئیں۔
موت سے قبل اسپتال کے بستر سے مقتولہ کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا ہے جس میں اس نے واضح کیا کہ اس کا شوہر عمیر افضل اور سسر حاجی شیخ افضل اس پر تشدد کرتے تھے۔
مزید پڑھیں: ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری
ویڈیو بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے شوہر اچھے کردار کے مالک نہیں ہیں اور ان کے دوسری عورتوں کے ساتھ نامناسب تعلقات بھی ہیں۔ شوہر اور سسر کی جانب سے مبینہ طور پر تشدد کے بعد مقتولہ نے اپنے بھائی کو فون کر کے بتایا کہ اس کے سسرال والوں نے اسے کچھ زہریلا کھلا دیا ہے۔ جس پر ان کا بھائی انہیں سول ہسپتال گوجرانوالہ لے گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گوجرانولہ کے تھانہ ماڈل ٹاؤن میں خاتون کے ویڈیو بیان پر مقدمہ درج کر لیا گیا تھا اور خاتون کی موت کے بعد اس میں قتل کی دفعات بھی شامل کر دی جائیں گی۔ تھا نہ ماڈل ٹاؤن پولیس نے خاتون کے بیان پر درج شدہ مقدمے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔