ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خودکش حملہ, 2 جوان شہید، 17 زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
( احمد منصور )ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر خود کش حملے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش بمبار نے اپنی گاڑی سکیورٹی فورسز کے قافلے سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوئے، خودکش حملے میں نائب صوبیدار یاسر شکیل اور سپاہی طاہر نوید شہید ہوئے۔
شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، اس بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیرداخلہ کی واقعہ کی مذمت
وزیر داخلہ محسن نقوی نےڈیرہ اسماعیل خان میں پاک فوج کے قافلے پر حملے کی مذمت کی ہے۔وزیر داخلہ نےدو سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے شہداء کی بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انشاللہ وطن پاک سے دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں پاک فوج کے دو افسران سمیت 8 جوان شہید ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ دہشتگردوں نے گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی میں بھی حملہ کرنے کی کوشش کی تھی جسے سکیورٹی فورسز نے ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا تھا، دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران 2 جوان شہید بھی ہوئے تھے۔