زیبا بختیار نے 16 بالی ووڈ فلمیں کیوں ٹھکرائیں؟

Stay tuned with 24 News HD Android App

(ویب ڈیسک)پاکستان کی معروف اداکارہ زیبا بختیار نے 16 بالی ووڈ فلموں کی پیشکش کو مسترد کرنے کی وجوہات بتا دیں۔
زیبا بختیار ایک تجربہ کار فنکارہ ہیں، جنہوں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ساتھ ساتھ بالی ووڈ میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ فلم "حنا" میں آنجہانی اداکار رشی کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوئیں، جسے ایک مشہور اور یادگار فلم قرار دیا جاتا ہے۔
حال ہی میں زیبا بختیار نے ملیحہ رحمان کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے کام کے تجربات پر روشنی ڈالی۔ اداکارہ نے کہا کہ راج کپور کی فلم میں کام کرنا ان کے کیریئر کا ایک نادر موقع تھا، اور وہ اس تجربے کے لیے بے حد شکر گزار ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم ‘حنا‘ کے بعد انہیں 16 بالی ووڈ فلموں کی پیشکش ہوئی، تاہم انہوں نے تمام آفرز کو مسترد کر دیا۔ اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے زیبا بختیار نے بتایا کہ وہ بالی ووڈ میں کرداروں کے انتخاب میں بہت محتاط تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں ان فلموں کی کہانیاں اور کردار پسند آئے، لیکن ہر فلم میں کچھ ایسے مناظر یا گانے شامل تھے جن سے وہ متفق نہیں تھیں، خاص طور پر بارش میں ساڑھی پہن کر گانے کی عکسبندی ان کے لیے ناقابل قبول تھی، اسی لیے انہوں نے یہ فلمیں کرنے سے معذرت کر لی۔
زیبا بختیار نے مزید کہا کہ پاکستان میں جب کوئی فنکار بالی ووڈ یا کسی بین الاقوامی انڈسٹری میں کام کر کے واپس آتا ہے تو اسے زیادہ شہرت اور اہمیت دی جاتی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان میں یہ رجحان ہمیشہ سے رہا ہے کہ لوگ غیر ملکی مصنوعات کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں، اور یہی رویہ فنکاروں کے ساتھ بھی اپنایا جاتا ہے۔