پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 جون تک ملتوی

May 22, 2022 | 14:28:PM

 (24 نیوز)پنجاب اسمبلی کا اجلاس 6 جون تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی صدارت چیئرمین پینل میاں شفیع نے کی اور اجلاس شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد متلوی کر دیا گیا،پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور  پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا جبکہ اسمبلی ملازمین کو بھی ایوان کے احاطے میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔اسمبلی کے باہر ارکان اسمبلی نے ایک دوسرے پر الزامات عائد کئے، داخلے کی اجازت نہ ملنے پر پی ٹی آئی ارکان نے گیٹ پر دھرنا دے دیا۔

قبل ازیں ن لیگ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پہلے مرحلے میں 15سے 20 ارکان پنجاب اسمبلی جائیں گے جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے ارکان میڈیا کو ساتھ لے کر اسمبلی جائیں گے کیونکہ اطلاعات ہیں کہ اسمبلی کے اندر کچھ غیر متعلقہ افراد موجود ہیں، ن لیگ کے ارکان کو اسمبلی میں داخلے کی اجازت دیدی گئی جو سپیکر پرویز الہی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اسمبلی احاطے میں داخل ہوئے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی اراکین نے  اسمبلی کے دروازے پر دھرنا دے دیا، سابق صوبائی وزیر فیاض چوہان، رانا شہباز، ندیم عباس بارا اور دیگر ارکان نے اندر جانے کی اجازت نہ ملنے پر احتجاج شروع کیا۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس  کے ایجنڈے میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحاریک میں شامل ہیں، ڈی سیٹ ہونے والے اراکین کو اسمبلی کی لسٹ سے خارج کر دیا گیا ہے۔

 پنجاب پولیس نے مال روڈ کے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کر دی ہیں اور ایوان وزیراعلیٰ اور ایوان اقبال سے پنجاب اسمبلی کی طرف جانے والے راستے بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ مال روڈ کی طرف سے اسمبلی کی جانب جانے والے راستے بھی بند کر دیئے گئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد ایجنڈے میں شامل ہیں۔

مزیدخبریں