عمران خان نے لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کردیا

May 22, 2022 | 17:34:PM

(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے 25مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25مئی کوسری نگر ہائی وے پر دوپہر 3 بجے کارکنوں کو ملوں گا۔ان کا کہناتھا کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہمیں جتنی دیر بیٹھنا پڑا ہم بیٹھیں گے ۔ہم کسی صورت ان چوروں کوتسلیم نہیں کریں گے،ہرشعبے کے لوگ لانگ مارچ میں بھرپورشرکت کریں ۔چیئر مین تحریک انصاف نے کہا کہ کورکمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ فوج نے کہاکہ ہم نیوٹرل ہیں توپھرنیوٹرل رہیں،ہمارامطالبہ ہے اسمبلی تحلیل کریں اور الیکشن کااعلان کریں۔ہم کسی صورت ان چوروں کوتسلیم نہیں کریں گے، پولیس، بیوروکریسی اورفوج سے کہتا ہوں ہم توڑ پھوڑ نہیں کرینگے۔

نیوز کانفرنس سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ 7مارچ کو امریکی انڈرسیکریٹری نے ہمارے سفیر کو دھمکی دی،ڈونلڈ لونے کہا اگر عمران خان کو نہیں ہٹاو گے توپاکستان کیلئے مسئلے ہوں گے ،بدقسمتی سے ہم اس سازش کو نہیں روک سکے، کوشش کرتے رہے کہ یہ سازش کامیاب نہ ہو، اس سازش کا علم گزشتہ جون سے ہی تھا،امریکا نے ملک کے کرپٹ ترین لوگوں کو ساتھ ملایا،حکومت کی تبدیلی کیلئے امریکی سازش ہوئی۔

عمران نے مزید کہا کہ ملک کا وزیراعظم ضمانت پر ہے، چوروں کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنا دیا گیا، یہ قوم کی توہین ہے،میں ملک کی بہتری کیلئے کوشش کر رہا تھا یہ باہر سے پتلے لے کر آ گئے،موجودہ حکومت کی جرات نہیں کہ روس سے سستاتیل یا گندم خرید سکے، ہم روس سے30فیصدکم قیمت پرتیل خریدنے کیلئے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقتدار میں آنے والوں پر کیسز ہیں،ان کے پاس کوئی پلان یا روڈ میپ نہیں،ہم نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا جس سے پیٹرول اور ڈیزل پر سبسڈی دی،آج مہنگائی کی صورتحال تشویشناک ہے،اب پتہ چلا ان کاتجربہ صرف کرپشن کیسز ختم کرنے میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اتحادیوں نے فیصلہ کیا توکسی کو اسلام آباد داخل نہیں ہونے دیا جائیگا،رانا ثنا اللہ

مزیدخبریں