25 مئی: ’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا فیصلہ

May 22, 2023 | 13:26:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) شہدائے پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے 25 مئی کو ’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا فیصلہ کرلیا گیا، مرکزی تقریب جی ایچ کیو کی یادگار شہداء پر ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے شہداء اور شہدائے پاکستان کا کردار ناقابل فراموش ہے، وطن پاکستان کے امن و امان اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قربانیوں کو کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔

شہدائے پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے 25مئی کو ’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘ منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یوم تکریم شہدائے پاکستان کا مقصد جہاں ایک طرف شہداء کی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے اور قوم کو یہ بھی پیغام دینا ہے شہداء اور ان کے خاندان، یادگاروں کی تکریم اور احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان میں ملک بھر میں تقریبات کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا، تقریبات میں شہدائے پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

خصوصی پروگرام اور تقریبات میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی اور افواجِ پاکستان، پولیس ودیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی یادگار شہداء کو سلامی دی جائے گی۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقع پر جی ایچ کیو کی یادگار شہداء پر مرکزی تقریب ہوگی جبکہ پاک فضائیہ ہیڈکوارٹرز، پاک بحریہ ہیڈکوارٹرز اور پولیس کی متعدد یادگار شہداء پر تقریبات شامل ہیں۔

صوبائی دارالخلافہ بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی یادگار شہداء پر تقریبات ہوں گی، یوم تکریم شہدائے پاکستان تجدیدِ عہد کا دن ہے، یہ دن نفرتوں، تلخیوں کو بھلا کر محبت، امن، رواداری اور شہداء سے والہانہ محبت کا پیغام دے گا۔