(احمد منصور)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 25 مئی کو ”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “ منانے کا اعلان کردیا،آرمی چیف نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہدااور غازیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم اعزازات کا انعقاد کیاگیا،تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اور شہداکے اہلخانہ نے شرکت کی،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے آپریشنز کے دوران بہادری اور قوم کیلئے شاندار خدمات پر پاک فوج کے افسران و جوانوں کو فوجی اعزازات سے نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران و جوانوں کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ "بلاشبہ شہداکی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں،"شہداءکی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ افتخار ہیں۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے کہاکہ "پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اسکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔
آرمی چیف نے کہاکہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفیسر تمام علاقائی، لسانی، اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے"،" مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے" ۔
آرمی چیف نے 25 مئی کو ”یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “ منانے کا اعلان کردیا،آرمی چیف نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہدا کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کاروباری ہفتے کا پہلا روز، ڈالر کے بعد سونے کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ