(24 نیوز) محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کر دی۔ پی ڈی ایم اے نے گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور ژالہ باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات کر دی۔
پی ڈی ایم اے نے حساس اضلاع کے کاشتکاروں کےلیے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ کسان پیشن گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سرگرمیوں کےلیے مناسب انتظام کریں، تیز ہواؤں / ژالہ باری سے فصلوں (گندم) کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے، برساتی نالوں کی نگرانی کی جائے، چرواہے اپنے مویشیوں کا مناسب طریقے سے انتظام کریں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کر دہ مراسلے میں کہا گیا کہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائیں، پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں، کھڑی فصلوں اور مویشیوں پر پڑنےوالے منفی اثرات سے آگاہی کو یقینی بنائیں، تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کر کئے جائیں،انتظامیہ اسپیل کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کریں، حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے، متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کومحفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں، اسپیل میں ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ طبی عملے اور ادویات سمیت بنیادی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنائیں، سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے، سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں، پی ڈی ایم اے، پی ای او سی کو صورتحال کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جائے۔
بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے 26 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام معلومات اور رہنمائی کے لیے ہماری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔