متحدہ عرب امارات میں ورک پرمٹ کی مدت بڑھا دی گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)متحدہ عرب امارات کی پارلیمانی باڈی فیڈرل نیشنل کونسل (ایف این سی ) میں 3 سالہ ورک پرمٹ پلان کی تجویز کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلا ت کے مطابق وفاقی قومی کونسل نے ورک پرمٹ کی مدت 2 سال سے بڑھا کر 3 سال کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ ایف این سی کمیٹی کی جانب سے ورک پرمٹ کے حصول سے وابستہ مالی اخراجات کو کم کرنے کے اقدام کی سفارش پر کیا گیا ہے،اس وقت متحدہ عرب امارات میں ورک پرمٹ 2 سال کے لیے جاری کیے جاتے ہیں۔
یہ دستاویز وزارت انسانی وسائل اور امارات کی طرف سے جاری کی جاتی ہے اور کسی شخص کے لیے جائز اجازت نامے کے بغیر ملک میں کام کرنا غیر قانونی ہے۔
ایف این سی کمیٹی برائے مالی، اقتصادی اور صنعتی امور کی طرف سے پیش کی گئی ایک رپورٹ میں تجویز کیا گیا تھا کہ ورک پرمٹ کی مدت کو بڑھا کر 3 سال کیا جائے۔
اس میں ملازمت کی تبدیلی کے لیے ورک پرمٹ فیس کی معافی سمیت دیگر سفارشات بھی کی گئی ہیں۔ ایف این سی ایک اور سفارش کی بھی منظوری دیدی ہے جس کے تحت آزمائشی مدت کے بعد کارکنوں کو کم از کم ایک سال آجر کے ساتھ گزارنا ہوگا تاہم اگر آجر راضی ہو تو اس شرط کو ختم کیا جا سکتا ہے۔