کرغزستان سے مزید 300طلبا وطن واپس پہنچ گئے

May 22, 2024 | 10:27:AM

( عامر شہزاد ) کرغزستان میں پھنسے مزید 300 طلبا خصوصی طیارے کے ذریعے پشاور پہنچ گئے جبکہ پی آئی اے  نے پروازیں منسوخ ہونے پر وضاحت جاری کر دی۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز  پی آئی اے کی جانب سے بشکک میں پھنسے طلبا کو پاکستان بلانے کیلئے  پروازیں منسوخ کی گئی تھیں، جس حوالے سے پی آئی اے نے  وضاحت جاری کردی۔

وضاحت میں بتایا گیا کہ پی ائی اے کی پروازیں وزرات خارجہ کے مرتب کردہ شیڈول کے مطابق اپریٹ کی جارہی ہیں،پروازوں پر پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے مہیا کردہ لسٹ کے مطابق طلباء کو بورڈنگ جاری کئے جاتے ہیں،ہر پرواز سے قبل کئی ہزار طلباء ائیرپورٹ پر چیک ان کاونٹرز پر اکھٹے ہوتے ہیں۔

طالب علموں کی وطن واپسی پی آئی اے کی اولین ترجیح ہے مگر مروجہ طریقے کو اپنانا  اور نظم و نسق برقرار رکھنا بھی انتہائی اہم ہے۔

پی آئی اے کا کہنا ہے کہ  تمام طالب علموں سے گزارش ہے کہ وہ پروازوں سے متعلق پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ رکھیں اور اپنی اپنی پرواز کا شیڈول حاصل کریں 

پی آئی اے کی گزشتہ روز 2 پروازیں اپریٹ ہوئیں اور آج کیلئے 4 پروازیں شیڈول ہیں جبکہ مزید پروازوں کا شیڈول بھی مرتب کیا جارہا ہے۔

  خیال رہے کہ کرغزستان میں پھنسے مزید 300 طلبا خصوصی طیارے کے ذریعے پشاور پہنچ گئے ہیں،خصوصی طیارہ رات 2بجےکرغزستان سے 300طلباکو لے کر باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچا، ایم این اے فیصل امین گنڈاپور ،صوبائی وزرانے طلبا کا استقبال کیا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر کرغزستان سے خصوصی پرواز سے پشاور پہنچنے والے دیگر صوبوں کے طلبہ کو وزیر اعلی ہاوس میں ٹھہرایا گیا  ہے جہاں اُن کی رہائش اور خوراک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

کل ان طلبہ کو خصوصی گاڑیوں کے ذریعے ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔ طلبہ کے سفری اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی لیڈر رؤف حسن پر حملہ کس نے کروایا؟خواجہ سراؤں کے روپ میں کون تھا؟تہلکہ خیز انکشافات

دوسری جانب پی ڈی ایم اے ترجمان  کے مطابق کرغزستان میں موجود دیگر پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے دوسری پرواز آج راونہ کی جائے گی. کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ و طلبات کی مزید لسٹنگ بھی گوگل فارم کے ذریعے کی جا رہی ہے.

معلومات و راہنمائی کے لیے کرغزستان میں پھنسے پاکستانی طلبہ و طلبات واٹس ایپ نمبرز(03433333049)(03440955550) جبکہ والدین پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں.

مزیدخبریں