ابراہیم رئیسی کے انتقال پر تعزیت، وزیراعظم تہران پہنچ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدر ابراہیم رئیسی و وزیرخارجہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے تہران پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایرانی صدرابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام کی شہادت پر تعزیت کریں گے، وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہیں۔
وزیراعظم ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور ایران کے قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے ملاقات کریں گے اور پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔
قبل ازیں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ اور رفقاء کی نماز جنازہ تہران میں ادا کردی گئی۔
خیال رہے کہ 19 مئی بروز اتوار ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر آذربائیجان کی سرحد پر ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپس آتے ہوئے موسم کی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں ایرانی صدر، وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان و دیگر حکام جاں بحق ہوگئے تھے۔