بختاور بھٹو اپنی ڈھولکی پر والدہ کا لباس زیب تن کریں گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سابق صدر آصف زرداری اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے اپنی ڈھولکی کے خاص موقع پر اپنی والدہ کے نکاح کا خوبصورت جوڑا پہننے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بختاور بھٹو زرداری نے اپنےلئے بھی اُسی فیشن ڈیزائنر کا انتخاب کیا ہے جنہیں شہید محترمہ بےنظیر بھٹو نے سابق صدر آصف زرداری کے ساتھ اپنے نکاح کے لئے منتخب کیا تھا، اُنہوں نے اپنی نکاح کی تقریب میں سبز اور گلابی رنگ کا روایتی لباس پہنا تھا۔
دوسری جانب فیشن برانڈ نے اس خبر کی تصدیق کی ہے کہ بختاور بھٹو زرداری نے ان کی خدمات حاصل کرتے ہوئے اپنی ڈھولکی کی تقریب میں والدہ کے نکاح کا جوڑا پہننے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ضمن میں فیشن برانڈ ’ریشم رواج‘ کے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر موجود آفیشل اکاؤنٹ کی جانب سے ایک خصوصی پوسٹ سامنے آئی ہے۔
View this post on Instagram
فیشن برانڈ نے انسٹاگرام پر ایک فوٹو کولاج شیئر کیا ہے جس میں ایک تصویر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نکاح کے دن کی ہے جبکہ دوسری تصویر اُس خوبصورت عروسی لباس کی ہے جو بختاور بھٹو اپنی ڈھولکی میں زیب تن کریں گی۔اُنہوں نے انسٹاگرام پر فوٹوکولاج شیئر کرتے ہوئے بختاور بھٹو زرداری کو منگنی کی مبارکباد دی اور کہا کہ ’انہیں اس بات پر فخر ہے کہ بختاور بھٹو اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نکاح کا وہ جوڑا دوبارہ پہننا چاہتی ہیں جسے ہمارے برانڈ نے تیار کیا تھا۔‘
واضح رہے کہ بختاور بھٹو کی منگنی سے متعلق پیپلز پارٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ بختاور بھٹو کی منگنی 27 نومبر کو محمود چوہدری سے ہو گی، محمود چوہدری یونس چوہدری اور ثریا چوہدری کے پانچ بچوں میں سب سے چھوٹے بیٹے ہیں۔
دوسری جانب بختاور بھٹو کی منگنی کا کارڈ بھی منظر عام پر آگیا ہے، جس کے مطابق اُن کی منگنی کی تقریب دن 4 بجے اُن کے گھر بلاول ہاؤس پر منعقد کی جائے گی۔
اس کے علاوہ دعوت نامے پر مہمانوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔دعوت نامے میں یہ بھی لکھا گیاہے کہ مہمان شرکت سے قبل کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھیجنے کے پابند ہوں گے۔