(24نیوز)وزیرِاعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گِل کہتے ہیں کہ عوام ان جعلسازوں کو پہچان لیں جو بغضِ عمران خان میں ہرحد پھلانگنے کے درپے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ جب عمران خان سمارٹ لاک ڈاؤن کا کہہ رہے تھے تو یہ سب سخت ترین لاک ڈاؤن کے حامی تھے۔
اپنے بیان میں شہباز گل نے یہ بھی کہا کہ آج جب کورونا وائرس دوسرے فیز میں مزید جان لیوا ہوچکا ہے تو یہ اپنے مفاد کے لئے عوام کی جان کے درپے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) نے آج جلسے کے لئے پشاور میں پنڈال سجا لیا ہے، حکومتی اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسے کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، رہنماؤں نے جوشیلے خطاب کے لیے تقاریر تیار کر لیں۔