وینٹی لیٹرز پر کورونا مریضوں کی تعداد تیزی سےبڑھنے لگی،اسدعمر 

Nov 22, 2020 | 13:13:PM

(24نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 دن میں وینٹی لیٹرز پر کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، 4 ماہ کے بعد پہلی مرتبہ کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 50 سے زائد ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ گزشتہ 15 دن میں وینٹی لیٹرز پر مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، پشاور اور ملتان میں 200 کراچی میں وینٹی لیٹرز پر 148 فیصد مریض بڑھے۔ 
 

اسد عمر کا کہنا تھا کہ لاہور میں 114 اور اسلام آباد میں وینٹی لیٹرز پر 65 فیصد مریض بڑھے، ملتان میں کورونا  وائرس مریضوں کے وینٹی لیٹر استعمال میں 70 فیصد اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ 4 ماہ کے وقفے کے بعد پہلی مرتبہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 50 سے زائد ہوگئی، کل 59 کوویڈ کے مریض انتقال کر گئے۔سیاستدانوں کو پیغام ہے کہ کورونا وائرس خدشہ نہیں بلکہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی ضروری ہے کہ قوم یکجا ہو کر پھر سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرے تاکہ ہم لوگوں کی صحت کی بھی حفاظت کریں اور لوگوں کے روزگار کو بھی بچا سکیں۔

یاد رہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 2 ہزار 665 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 59 مریض جاں بحق ہوگئے۔ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 173 ہوچکی ہے جن میں سے فعال کیسز کی تعداد 36 ہزار 683 ہے، اب تک کرونا وائرس سے 7 ہزار 662 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب افراد کی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 828 ہوگئی ہے۔

مزیدخبریں