شمالی وزیرستان میں فورسز کا آپریشن، 4 دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید

Nov 22, 2020 | 17:50:PM

(24نیوز) خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک سپاہی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز نے خفیہ اطلاع پر شمالی وزیرستان میں اسپن وام کے شمال مغرب میں دریائے کیتو کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی۔ جیسے ہی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا دہشت گردوں نے علاقے سے فرار ہونے کے لئے فائرنگ شروع کردی، اس دوران فورسز نے کامیاب جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک سپاہی صدام شہید ہوگیا جبکہ 2 جوان زخمی ہوگئے۔ شہید سپاہی صدام کی عمر 27 سال اور ان کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کرک سے ہے۔
خیال رہے کہ وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، سیکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے جبکہ پاکستانی فوجی جوانوں نے بھی اس دوران جام شہادت نوش کیا ہے۔19 نومبر کو خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے پاشا زیارت کے نزدیک سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ دہشت گردوں نے گزشتہ رات حملہ کیا جس کا سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیا۔17 اکتوبر کو قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے آئی ای ڈی دھماکے میں ایک افسر اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔

مزیدخبریں