گیس قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ متوقع ،سوئی سدرن درخواست پر سماعت کل ہو گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)گیس قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ متوقع ہے، سوئی ناردرن اور سدرن نے گیس قیمتوں میں اضافے کی درخواستیں اوگرا کو بھجوادیں۔
تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن نے یکم جولائی سے گیس قیمت میں 79روپے فی یونٹ اضافے جبکہ سوئی ناردرن نے 773روپے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی ہے،اوگرا کل سوئی سدرن، 26 نومبر کو سوئی ناردرن کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
ترجمان اوگر کاکہناہے کہ سوئی سدرن کی طرف سے گیس قیمت میں 79روپے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ہے،گیس قیمت میں اضا فہ رواں مالی سال کی ریونیو ضروریات کی مد میں مانگا گیا ہے،ترجمان کاکہناہے کہ کمپنی کی درخواست میں28 ارب روپے سے زیادہ کا ریونیو شارٹ فال بتایاگیا ہے ۔ترجمان اوگرا کامزید کہناہے کہ سوئی سدرن نے گیس قیمت میں اضافہ یکم جولائی 2020سے مانگا ہے ،سوئی سدرن نے گیس کی موجودہ اوسط قیمت 743روپے 25پیسے سے بڑھا کر 822روپے 25پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی درخواست کی ہے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن نے بھی اوگرا کو گیس کی قیمت میں 122فیصداضافے کی درخواست دے دی،سوئی ناردرن نے گیس کی قیمت میں 773روپے فی یونٹ اضافہ مانگا ہے ،گیس کی قیمت میں اضافہ رواں مالی سال یکم جولائی سے مانگا گیا ہے ،ترجمان اوگراکے مطابق سوئی ناردرن نے گیس قیمت 631روپے سے بڑھا کر 1404روپے 91پیسے فی فی ایم ایم بی ٹی یو کرنے کی درخواست کی ہے ،کمپنی نے 35ارب روپے سے زیادہ کا ریونیو شارٹ فال بتایا ہے ،سوئی ناردرن نے درخواست میں گزشتہ سالوں کے ریونیو شارٹ فال مد میں 215ارب روپے مانگے ہیں ۔