(24نیوز)پاکستان نے افغانستان کیلئے 5 ارب روپے کے امداد کی منظوری اور بھارت کو افغانستان کیلئے امدادی گندم فراہم کرنےکیلئے راہداری استعمال کرنے کی بھی اجازت دیدی۔
وزیر اعظم عمران خان نے افغانستان کیلئے خصوصی طور پر قائم بین الوزارتی رابطہ سیل کا دورہ کیا اور وزیر اعظم کی زیرصدارت افغانستان کیلئے قائم ایپکس کمیٹی کااجلاس ہوا۔اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ شوکت ترین اور معید یوسف بھی شریک تھے۔
اجلاس میں پاکستان کی طرف سے افغانستان کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 5 ارب روپے امداد کی منظوری دی گئی جبکہ پاکستان نے بھارت کو افغانستان کیلئے امدادی گندم فراہم کرنےکیلئے راہداری استعمال کرنے کی بھی اجازت دی۔ ہندوستان کی طرف سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم افغانستان کو فراہم کی جائےگی۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہندوستان میں پھنسےافغان باشندوں کی پاکستان کے راستے وطن واپسی میں مدد کی جائے۔اجلاس میں افغانوں کی سہولت کیلئے پاکستانی ویزے کا 3 ہفتوں کے اندر اجرا کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعظم نے افغانستان کی امداد کیلئے اقدامات اور بارڈر مینجمنٹ کی ستائش اور اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ افغان باشندوں کی ہر ممکن مدد کی جائے جبکہ وزیر اعظم نے پشاور تا جلال آباد بس سروس بحالی کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سرحدوں پر تعینات اہلکاروں کی استعداد کار بڑھائی جائے اور سرحدوں کی صوابدیدی بندش نہ کی جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ افغان بہادر ترین قوم ہے جنہوں نے مشکل حالات کا سامنا کیا اور عالمی برادری پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ افغان عوام کی مدد کرے۔
ایپکس کمیٹی نے افغانستان میں ہنگامی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان افغان باشندوں کی مدد کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کرکٹ کے دیوتاؤں سے ناراض بھارت چھوڑنے والے مشہور کرکٹر نے امریکا میں شادی کر لی