(اشرف خان) ملک میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بحالی دیکھی گئی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد دوبارہ تیزی ریکارڈ کی گئی۔انٹر بینک میں ڈالر 24 پیسے سستا ہوگیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 24 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 223 روپے 66 پیسے سے کم ہو کر 223 روپے 42 پیسے ہو گئی ہے۔دوسری طرف انٹر بینک کے برعکس اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا اور قدر 231 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 231 روپے پر برقرار رہا،اوپن مارکیٹ میں یورو 244.50 روپے پر برقرار ،اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاونڈ 1 روپے مہنگاہوکر 281.50 روپے کا ہوگیا ،اوپن مارکیٹ میں امارتی درہم 30 پیسے اضافے سے 66 روپے کا ہوگیا ،سعودی ریال 30 پیسے مہنگاہوکر 64 روپے پر پہنچ گیا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی ، 167.43 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی ، جس کے بعد 100 انڈیکس 42928.62 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.39 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 8 کرروڑ 83 لاکھ 82 ہزار 543 شیئرز کا لین دین ہوا، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔